ڈاکٹرز کو مسیحا کہا جاتا ہے لیکن کہیں کوئی ڈاکٹر مسیحا کے بجائے جلاد بن جاتا ہے جیسا انڈیا کا یہ ڈاکٹر بن گیا ہے۔
بھارت سے ایک شرمناک ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک ڈاکٹر کو مریض پر سفاکانہ انداز میں تشدد کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
وائرل ویڈیو میں ڈاکٹر کو بیڈ پر لیٹے مریض کو تھپڑ اور مُکے برساتے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس دوران کچھ افراد ڈاکٹر کو روکنے کی کوشش کرتے اور مریض مزاحمت کرتا بھی دکھایا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ شملہ کے ایک سرکاری اسپتال گاندھی میڈیکل کالج میں پیش آیا ہے۔ مریض کی شناخت ارجن پوار کے نام سے ہوئی ہے، جو مبینہ طور پر اینڈوسکوپی کے لیے اسپتال آیا تھا۔ جب کہ ملزم ڈاکٹر راگھو نرولہ ہے، جس کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مریض کو سانس لینے میں دشواری ہوئی، جس پر وہ ایک دوسرے وارڈ میں جا کر سانس بحال کرنے کے لیے بستر پر لیٹ گیا۔ اسی دوران اس کی ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر سے مبینہ طور پر تلخ کلامی ہو گئی۔ مریض کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نے پہلے ارجن کے ساتھ بدتمیزی کی اور پھر تلخ بحث کے بعد اس پر جسمانی تشدد کیا۔
واقعے کے فوراً بعد اسپتال میں بڑی تعداد میں لوگ جمع ہو گئے۔ مریض کے اہل خانہ اور عوام نے ملزم ڈاکٹر کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ دریں اثنا مریض کے اہلِ خانہ نے پولیس میں باقاعدہ شکایت بھی درج کروا دی ہے اور قانونی کارروائی کی درخواست کی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








