اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس معیشت کا پہیہ چلانے کے سوا اور کوئی آپشن نہیں ہے،مکمل لاک لاؤن نہیں کرسکتے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اگر کورونا نہیں آتا تو ہمیں یقین تھا کہ ہم 4 ہزار 800 ارب رواں مالی سال میں حاصل کر لیں گے، ان ٹیکسز کی بنیاد پر جو ہم نے پچھلے سال لگائے یا ان سے پہلے جو پاکستان میں لگائے جا چکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری 17 فیصد گروتھ جاری تھی، ٹیکسز کی اور جو آخری کوارٹر ہوتا ہے اس میں سب سے زیادہ ٹیکسز جمع ہوتے ہیں تاہم اسی کوارٹر کے اندر کورونا کا سامنا کرنا پڑ گیا اور ٹیکس کے اہداف پورے نہ ہو سکے جس کی وجہ سے ہمیں 900 ارب روپے کا نقصان ہوا۔
حماد اظہر کا مزید کہنا تھا کہ صورتحال آہستہ آہستہ جب بہتر ہوگی تو ہم 4 ہزار 800 ارب روپے کا ٹارگٹ حاصل کر لیں گے۔ حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان کے پاس معیشت کا پہیہ چلانے کے سوا اور کوئی آپشن نہیں ہے۔معیشت کا پہیہ چلے گا تو ملک ترقی کرے گا۔
انہوں نے کہاکہ بے روز گار افراد کا ڈیٹا ابھی تک اپ ڈیٹ نہیں ہوا، اس پر کام ہورہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہاکہ امریکا میں بھی کورونا سے لاکھوں افراد بے روزگار ہوئے ہیں، لیکنڈونلڈ ٹرمپ کو وہ معیشت نہیں ملی تھی جو عمران خان کو ملی۔