ہمارے ایک ہاتھ میں ایٹمی طاقت اور دوسرے ہاتھ میں کشکول ہے، وزیراعظم

تازہ ترین

تازہ ترین

لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی مثال یہ ہے کہ ہمارے ایک ہاتھ میں ایٹمی طاقت ہے اور دوسرے ہاتھ میں کشکول ہے۔

لاہور میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز پروبیشنری آفیسرزکی پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ گزشتہ مون سون سیزن کے دوران سیلاب کےباعث کئی علاقےتباہ ہوگئےتھے، افسران نے سیلاب متاثرین کی جو مدد کی وہ قابل تعریف ہے، دکھی انسانیت کی خدمت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے چمکتے ستاروں کے ہاتھوں میں ترقی وخوشحالی کی چابی ہے، عملی میدان میں ہر قسم کے چیلنجز آئیں گے ،نمٹنے کا ہنرہونا چاہیے۔

پاکستان کو درپیش معاشی چیلنجز کے بارے میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو معاشی چیلنجز کا ہر ایک کو پتہ ہے، متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران یو اے ای کے صدر انتہائی محبت اور شفقت سے پیش آئے، میں نے ان سے کہا ہے کہ 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کردیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ شرم آرہی ہے لیکن آئی ایم ایف کی شرائط میں جکڑے ہوئے ہیں، آئی ایم ایف کا ابھی بھی مطالبہ ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کرے، غریب آدمی پر کتنا بوجھ ڈالیں۔

یہ بھی پڑھیں:

کراچی اورحیدرآباد میں بلدیاتی الیکشن کل ہی ہوں گے،الیکشن کمیشن

دورہ یو اے ای کے حوالے سے شہباز شریف نے کہا کہ عرب امارات نے دل کھول کر پاکستان کی مدد کی اور ہم نے عزم کیا تھا کہ ملک کے لیے قرضہ نہیں لیں گے مگر مالی مشکلات نے مجبور کیا۔ ہم عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی شرائط میں پھنسے ہوئے ہیں اور آئی ایم ایف کا ابھی بھی مطالبہ ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک پر اب بھی غربت کے سائے ہیں تاہم مشکلات سے ضرور نکلیں گے۔ ہم تقاریر، شاعری اور خطابات اچھے کرتے ہیں مگر عملی میدان میں مشکل سے نمٹنا اہم ہے۔ قائد کے پاکستان کو مضبوط بنائیں گے جس کے لیے سب کو محنت اور محرومی ختم کرنا ہو گی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ 75 سال میں ملک کو دولخت ہوتے دیکھا اور آج ہمیں پہلے سے زیادہ متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ آرمی چیف کو سعودی عرب حکومت نے عزت دی اور بڑی امداد دی جبکہ سعودی عرب نے سرمایہ کاری کی مد میں بھی پاکستان کی مالی مدد کا اعلان کیا۔ ابھی بھی دیر نہیں ہوئی، کام کرنے اور منزل پانے کے لیے وقت کی قید نہیں۔

Related Posts