اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں اضافے سے ہفتہ وار مہنگائی 31.75 فیصد تک پہنچ گئی

تازہ ترین

تازہ ترین

کراچی: مہنگائی سے پریشان عوام پر رواں ہفتہ بھی بھاری رہا، آٹے، دالوں، انڈے، گوشت، پیاز، لہسن سمیت 23 اشیاء ضروریات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 0.44 فیصد اضافے کے بعد 31.75 فیصد پر پہنچ گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیے جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ملک میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا اوسط 115 روپے 22 پیسے مہنگا ہواجبکہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 115 روپے 33 پیسے مہنگا ہوا جس کے بعد اوسط قیمت 2680 روپے ہو گئی۔

ایک ہفتے کے دوران لہسن 15 روپے 68 پیسے فی کلو مہنگا ہونے کے بعد ملک میں لہسن کی اوسط فی کلو قیمت 363 روپے 10 پیسے ہو گئی جبکہ انڈوں کی قیمت 11 روپے 54 پیسے فی درجن بڑھ گئی۔

یہ بھی پڑھیں:

نائجیرین کرپٹو کرنسی ’روکو‘ کو یورپی ورچوئل کرنسی کا لائسنس مل گیا

دال مسور 4 روپے 30 پیسے، دال مونگ 10 روپے 37 پیسے، دال ماش 6 روپے 28 پیسے، دال چنا 5 روپے 47 پیسے مہنگی ہوئی، چھوٹی بریڈ کی قیمت میں 4 روپے 31 پیسے اضافہ ہوا، ٹوٹا باسمتی چاول 5 روپے، پیاز کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 38 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ہفتہ وار بنیادوں پر آگ جلانے والی لکڑی، چینی، دودھ اور گوشت کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔ ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 7 اشیاء ضروریات میں کمی اور 21 میں استحکام رہا ، ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں7 روپے 87 پیسے کمی کے بعد اوسط قیمت 56 روپے 13 پیسے ہوگئی ،اس کے علاوہ آلو 3 روپے 69 پیسے ، زندہ برائلر مرغی 17 روپے فی کلو سستی ہوئی۔

Related Posts