مکہ مکرمہ پولیس حکام کی جانب سے حج 2026 کی سیکیورٹی اور انتظامات کو مزید محفوظ بنانے کے سلسلے میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے 18 غیر ملکی افراد کو گرفتار کر لیا ہے جن پر جعلی حج دستاویزات تیار کرنے کا الزام ہے۔
سعودی وزارت داخلہ کے مطابق یہ کارروائی گزشتہ روز کی گئی جس کا مقصد غیر قانونی نیٹ ورکس کا خاتمہ ہے۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد میں پاکستانی اور افغان شہری بھی شامل ہیں جن پر الزام ہے کہ وہ جعلی حج پرمٹس، نسک کارڈز اور کلائی پر باندھے جانے والے شناختی بینڈز تیار کرکے فراہم کر رہے تھے۔
یہ جعلی دستاویزات مبینہ طور پر حجاج کو حج سروسز اور مخصوص حساس مقامات تک غیر قانونی رسائی دلانے کے لیے استعمال کی جا رہی تھیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ کارروائی حج سیزن کے دوران عازمین کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے جاری وسیع کریک ڈاؤن کا حصہ ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے تاکہ جعل سازی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کو بروقت روکا جا سکے جو حج انتظامات اور عوامی حفاظت کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔
وزارت داخلہ نے مزید بتایا کہ تمام گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے اور انہیں مزید تحقیقات کے لیے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی اداروں نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ حج انتظامات سے متعلق کسی بھی غیر قانونی سرگرمی پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور جعل سازی سمیت ایسے تمام جرائم کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا جو حج کے نظم و نسق اور عازمین کی حفاظت کو متاثر کر سکتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








