پاکستان کو عبرتناک شکست! ویسٹ انڈیز نے شاہینوں کیخلاف 34 سال بعد سیریز جیت لی

تازہ ترین

تازہ ترین

West Indies thrash Pakistan by 202 runs, clinch first ODI series win in 34 years
ONLINE

ٹرینیڈاڈ میں کھیلے گئے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 202 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز جیت لی، یہ 34 سال بعد پہلا موقع ہے کہ ویسٹ انڈیز نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کی۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ویسٹ انڈیز نے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 294 رنز بنائے۔

کپتان شائے ہوپ نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 120 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جس میں 10 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔

یہ ان کی ون ڈے کرکٹ میں 18ویں سنچری تھی جس کے ساتھ وہ ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں برائن لارا اور کرس گیل کے بعد تیسرے نمبر پر آ گئے۔

جسٹن گریوز نے 24 گیندوں پر ناقابلِ شکست 43 رنز بنائے جبکہ ایون لیوس نے 37 اور روسٹن چیز نے 36 رنز کا اضافہ کیا۔ آخری اوورز میں ہوپ اور گریوز کے درمیان 110 رنز کی شراکت نے مجموعہ تقریباً 300 کے قریب پہنچا دیا۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور ابرار احمد نے دوجبکہ محمد نواز اور صائم ایوب نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ہو گئی اور پوری ٹیم صرف 92 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ پانچ پاکستانی بلے باز صائم ایوب، عبداللہ شفیق، محمد رضوان، حسن علی اور ابرار احمد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

سلمان علی آغا 30 رنز کے ساتھ نمایاں اسکورر رہے جبکہ محمد نواز نے 23 اور بابر اعظم نے صرف 9 رنز بنائے۔

ویسٹ انڈیز کے فاسٹ بولر جےڈن سیلز نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے صرف 18 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں اور پاکستان کے ٹاپ آرڈر کو یکسر تباہ کر دیا۔

اس شاندار کارکردگی کے ساتھ ویسٹ انڈیز نے نہ صرف میچ بلکہ 34 سال بعد پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز بھی اپنے نام کر لی۔

Related Posts