پاکستان کی مقامی صرافہ مارکیٹس میں سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ بدھ کے روز ایک تولہ سونے کی قیمت میں 12ہزار 700روپے کا یکمشت اضافہ ہوا۔سونے کی یہ قیمتیں آج دوپہر تک برقرار رہیں گی۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ نرخ کے مطابق فی تولہ 24 قیراط سونے کی قیمت میں 12 ہزار 700 روپے کا اضافہ ہوا جس کے بعد فی تولہ قیمت 5 لاکھ 6 ہزار 362 روپے ہوگئی جبکہ 10 گرام سونا 10 ہزار 888 روپے اضافے سے 4 لاکھ 34 ہزار 123 روپے تک جا پہنچا ہے۔
صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق 22 قیراط 10 گرام سونا 9 ہزار 981 روپے اضافے کے ساتھ 3 لاکھ 97 ہزار 960 روپے کی قیمت پر پہنچ چکا ہے۔
مقامی مارکیٹس میں چاندی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے جہاں فی تولہ 24 قیراط چاندی 64 روپے مہنگی ہو کر 9 ہزار 933 روپے کی سطح پر پہنچ گئی جبکہ 10 گرام چاندی 54 روپے اضافے کے بعد 8 ہزار 515 روپے پر ٹریڈ ہو رہی ہے۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونا 127 ڈالر بڑھ کر 4840 ڈالر فی اونس پر ٹریڈ کر رہا ہے جبکہ چاندی بھی 94.58 ڈالر فی اونس پر پہنچ گئی ہے جوکہ 0.64 ڈالر کا اضافہ ظاہر کرتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ عالمی سطح پر سونے کی بڑھتی ہوئی طلب اور کرنسی کی قدر میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے ہے۔ سرمایہ کاروں کے لیے یہ موقع انتہائی اہم ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








