ایران نے اسرائیل اور امریکا کے خلاف جاری جنگ کے خاتمے کیلئے 3 مطالبات کیے ہیں جن کا مقصد ایران کی خودمختاری و سلامتی یقینی بنانا اور مستقبل میں کسی بھی جارحیت کا راستہ روکنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزیشکیان نے جنگ کے خاتمے کیلئے 3 اہم شرائط کا اعلان کیا جن میں ایران کے جائز اور قانونی حقوق کو تسلیم کرنا، جنگ سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کیلئے معاوضے کی ادائیگی اور آئندہ کسی بھی جارحیت کی روک تھام کیلئے مستحکم عالمی ضمانتوں کی فراہمی شامل ہیں۔
صدر مسعود پزیشکیان نے کہا کہ اگر یہ شرائط پوری کی جاتی ہیں تو تنازعے کے خاتمے کا راستہ سامنے آسکتا ہے۔ تاہم ایرانی حکومت نے خبردار کیا کہ کشیدگی میں اضافے کی صورت میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 200ڈالر فی بیرل کو چھو سکتی ہے۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے آئل ٹینکرز کی حفاظت یقینی بنائی جائے گی، جبکہ اسی دوران عراق کی جنوبی بندرگاہ الفاو میں 2 غیر ملکی آئل ٹینکرز کو حملے کا نشانہ بنایا گیا، جو خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی میں اضافے کا باعث بن گیا۔
اس سے قبل کویت، قطر، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب نے اعلان کیا تھا کہ ان کے فضائی دفاعی نظام نے متعدد ایرانی میزائلز اور ڈرون مار گرائے جبکہ یہ کارروائیاں خطے میں بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر دفاعی اقدامات کے طور پر اپنی سلامتی کو بھی یقینی بنانے کیلئے کی گئیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








