بالی ووڈ کی معروف اداکارا ملائکہ اروڑا کے والد کی مبینہ خودکشی سے کچھ ہی لمحے قبل بیٹیوں سے بات چیت کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ ڈاکٹرز کا ماننا ہے کہ انیل مہتا متعدد زخموں کے باعث انتقال کر گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق اداکارہ ملائکہ اروڑا کے والد انیل مہتا نے بدھ کی صبح خودکشی کرکے جان دے دی، جس سے بالی ووڈ فنکارہ کا گھر اجڑ گیا، دونوں بیٹیاں اور والدہ آنجہانی انیل مہتا کی اچانک موت پر انتہائی غمزدہ ہیں۔
پوسٹ مارٹم میں انیل مہتا کی ہلاکت کا سبب متعدد زخموں کو قرار دیا گیا ہے۔ بدھ کی رات 8 بجے ہونے والے پوسٹ مارٹم میں دیگر حقائق بھی سامنے آئے۔ اپنے انسٹاگرام پیغام میں اداکارہ ملائکہ اروڑا نے اپنے والد کے افسوسناک انتقال کی تصدیق کی۔
اداکارہ ملائکہ اروڑا نے کہا کہ میرے والد انیل مہتا ایک شریف انسان تھے۔ بہت اچھے نانا، پیار کرنے والے شوہر اور ہمارے بہترین دوست تھے۔ ان کو کھو دینے کے بعد ہمارے اہلِ خانہ بہت تشویش میں مبتلا ہیں اور میڈیا سے پرائیویسی کی درخواست ہے۔
ملائکہ اروڑا نے کہا کہ ہمارے اہلِ خانہ کیلئے یہ بہت مشکل وقت ہے۔ ہم آپ کی سمجھداری، تعاون اور عزت و احترام کی تعریف کرتے ہیں۔ دوسری جانب بھارتی میڈیا (این ڈی ٹی وی) نے رپورٹ کیا کہ 65سالہ انیل مہتا نے انتقال سے کچھ ہی دیر قبل بیٹیوں سے بات کی تھی۔
بیٹیوں سے گفتگو کے بعد انیل مہتا اپنے گھر عائشہ مینر کی چھٹی منزل کی بالکونی سے کود گئے جس کے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوگئی تھی۔ این ڈی ٹی وی کا کہنا ہے کہ انیل مہتا نے بیٹیوں سے کہا تھا کہ میں تھک چکا ہوں۔
بھارتی پولیس پہلے ہی تصدیق کرچکی ہے کہ انیل مہتا کی موت خودکشی کا نتیجہ تھی۔ ملائکہ اروڑا کی والدہ جوئس پولیکارپ خودکشی کے وقت گھر پر ہی تھیں اور انہوں نے گھر کے باہر انہیں تشویشناک حالت میں پایا تھا۔ ہسپتال منتقلی کے بعد ہی انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








