امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں پاکستانی عوام کو ذہین اور باصلاحیت قرار دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں حیران کن مصنوعات تیار کرنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے۔
یہ بات انہوں نے فاکس نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں کہی جس میں انہوں نے پاکستان کے ساتھ تجارتی معاملات پر مفید بات چیت کا انکشاف بھی کیا۔
صدرٹرمپ نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اچھے تعلقات کے باوجود ماضی میں کبھی سنجیدہ تجارتی گفتگو نہیں کی گئی۔ ان کا کہنا تھاکہ ہم پاکستان کو نظرانداز نہیں کر سکتے، وہ امریکا کے ساتھ تجارت کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے حالیہ پاکستان بھارت جنگ بندی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ چکی تھی اور کسی بھی وقت جنگ چھڑ سکتی تھی۔
امریکی صدر کے مطابق انہوں نے اپنے حکام کو فوری طور پر اسلام آباد اور نئی دہلی سے رابطہ کرنے کی ہدایت دی۔ ہم نے دونوں ممالک سے کہا کہ وہ باہمی تجارت میں نمایاں اضافہ کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکا پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کم کرنے کے لیے تجارت کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے بھارت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت دنیا میں سب سے زیادہ درآمدی ٹیکس (ٹیرف) عائد کرتا ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ بھارت نے دیگر ممالک کے لیے وہاں کاروبار کرنا “تقریباً ناممکن” بنا دیا ہے۔
ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ اب بھارت امریکی مصنوعات پر ٹیکس 100 فیصد تک کم کرنے کے لیے تیار ہو گیا ہے۔ٹرمپ نے کہا، “میں تجارت کو بدلے چکانے اور امن قائم کرنے کے لیے استعمال کر رہا ہوں۔”
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے پاکستانی عوام کی ذہانت اور مہارت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں ایک باصلاحیت قوم قرار دیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








