دورہ پاکستان کے موقع پر ایرانی صدر نے پاکستان کے متعلق کیا کہا تھا؟ تاثرات سامنے آگئے

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو مزار قائد

گزشتہ دن ہیلی کاپٹر کے ہلاکت خیز حادثے میں جاں بحق ہونے والے ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے گزشتہ ماہ اپریل کے اواخر میں پاکستان کا دورہ کیا۔

اس دورے میں ابراہیم رئیسی مرحوم نے کراچی میں مزار قائد پر بھی حاضری دی، اس موقع پر انہوں نے کمنٹس بک میں اپنے تاثرات میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کیا اور قائد اعظم کی جانب سے فلسطینیوں کی حمایت کا بطور خاص ذکر کیا۔

سابق صدر ایران نے لکھا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قائد اور بانی محمد علی جناح کو اسلامی جمہوریہ ایران کی معزز حکومت اور قوم کی طرف سے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے خوشی محسوس کر رہا ہوں۔
انہوں نے مزید لکھا کہ محمد علی جناح کا مقام بجا طور پر بابائے قوم کے طور پر جانا جاتا ہے۔ ان کا استعمار مخالف رویہ اور اسرائیل کی صیہونی حکومت کو نا جائز قرار دینے کی ان کی پالیسی اسلامی یکجہتی میں تاریخی اقدام ہے۔
انہوں نے اپنے تاثرات میں ایران میں خمینی انقلاب کی کامیابی پر حکومت پاکستان کی جانب سے اس کی حمایت کا ذکر کرنا بھی نہ بھولے اور لکھا کہ پاکستان نے ایران کے اسلامی انقلاب کی فتح کو سب سے پہلے تسلیم کیا، جس کی اسلامی جمہوریہ ایران کے قائدین نے ہمیشہ تعریف کی ہے۔
ابراہیم رئیسی نے لکھا کہ مجھے یقین ہے کہ دو اسلامی ہمسایہ ممالک کی دوستی پہلے سے کہیں زیادہ پائیدار اور مضبوط ہو گی اور دونوں ملکوں کے درمیان جو دو جسم اور ایک جان ہیں، تفرقہ پیدا کرنے کے خواہشمند لوگوں کی سازشیں ناکام ہو جائیں گی۔

Related Posts