امریکا میں مقیم صحافی احمد نورانی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے دو بھائیوں کو منگل کی رات نامعلوم افراد نے اسلام آباد میں ان کے گھر سے اغوا کر لیا ہے۔
ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق احمد نورانی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بتایا کہ نامعلوم افراد ان کے گھر پہنچے اور جب ان کی والدہ نے دروازہ نہ کھولا تو زبردستی اندر داخل ہو گئے۔
بعد ازاں وہ ان کے بھائیوں کو نامعلوم مقام پر لے گئے اور ان کی بہن کا موبائل فون بھی ضبط کر لیا، جب اس نے واقعے کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی۔
احمدنورانی کے مطابق پولیس حکام نے ان کے اہلِ خانہ کی شکایت پر مقدمہ درج کرنے سے انکار کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ احمد نورانی چند سال قبل امریکا منتقل ہو گئے تھے جہاں انہوں نے فیکٹ فوکس کے نام سے اپنی صحافتی سرگرمیاں شروع کیں۔
ان کی تحقیقات کا زیادہ تر محور عوامی عہدوں پر فائز شخصیات کی دولت اور اثاثوں کے ذرائع پر سوالات اٹھانا ہے۔ حالیہ دنوں میں بھی انہوں نے ایک اہم تحقیقی رپورٹ شائع کی تھی۔
احمد نورانی کو 2017 میں پاکستان میں قیام کے دوران نامعلوم افراد نے حملے کا نشانہ بنایا تھا، جبکہ 2021 میں ان کی اہلیہ کو بھی اسی نوعیت کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔
چند روز قبل وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے ) نے بھی احمد نورانی کے خلاف پیکا قانون کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
ان پر سوشل میڈیا کے ذریعے مبینہ طور پر ریاست کے خلاف پروپیگنڈا پھیلانے اور عوام کو مشتعل کرنے کا الزام لگایا گیا تھا جو 11 مارچ کو جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے سے متعلق تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








