پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ارمینہ رانا خان اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق بولر وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم کے درمیان جھگڑے کی اصل وجہ سامنے آگئی ہے۔
گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر مشہور اداکارہ ریشم کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں انھیں سمندر میں مچھلیوں کو کھانا کھلاتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے لیکن اس دوران وہ مچھلیوں کو کھانا پھینکنے کے ساتھ ساتھ پلاسٹک کی تھیلیاں بھی سمندر میں پھینک رہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو بہت زیادہ وائرل ہوئی اور صارفین کی اکثریت نے اداکارہ ریشم کو پلاسٹک کی تھیلیاں پھینکنے پر تنقید کا نشانہ بنایا، جس میں شنیرا اکرم بھی شامل تھیں۔
انہوں نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ آخر کوئی کیسے سمندر میں پلاسٹک پھینک سکتا ہے۔
تاہم، ارمینہ رانا خان نے اُن کے اس تبصرے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ایک تو میں اس سفید رنگت والیوں سے سخت تنگ ہوں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ لوگ ایسے شخص کیلئے ٹوئٹ کیوں کرتے ہیں جسے وہ جانتے نہیں ہیں، اُن کا کہنا تھا کہ اداکارہ ریشم شرمندہ ہیں اور وہ اپنے اس عمل پر معافی بھی مانگ چکی ہیں پھر بھی انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے جو کہ بالکل بھی ٹھیک نہیں ہے۔