پیر کو سارا دن سماجی رابطوں کی معروف ویب سائٹ ایکس پر کتخانہ مچا رہا، یعنی ایکس پر دن بھر کتے #DOGS ٹرینڈ کرتے رہے۔
یہ منظر بیشتر ایکس صارفین کے لیے حیران کن تھا کیونکہ وہ سمجھ نہیں پا رہے تھے کہ اچانک ایکس پر ہر کوئی کیوں کتم کتا ہوا پڑا ہے۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ آخر ایکس پر یہ ٹرینڈ کیوں چل رہا ہے؟ اس پر نجی چینل جیو نے اپنی رپورٹ میں روشنی ڈالی ہے۔
دراصل یہ ’DOGS‘ کسی پالتو جانور کا ذکر نہیں بلکہ ایک کرپٹو گیم کا حصہ ہیں جو ٹیلی گرام نامی پیغام رسانی کی مشہور ایپ پر چل رہی ہے۔
اس گیم کا نام بھی ’DOGS‘ ہے اور آج اس کا ائیرڈراپ تھا، یعنی آج اسے بین الاقوامی سطح پر مشہور کرپٹو ایکسچینجز پر لانچ کیا گیا ہے۔
ٹیلی گرام کے اندر ہی چلنے والی اس گیم نے صارفین کو 14 اگست تک مجازی ’DOGS‘ اکٹھے کرنے کا موقع دیا تھا۔ ان ’DOGS‘ کو گیم کے اندر مختلف سرگرمیوں کے ذریعے جمع کیا جا سکتا تھا اور ان کی مدد سے حقیقی کرنسی بھی کمائی جا سکتی تھی۔
اس گیم میں ’DOGS‘ ایک کرنسی کے طور پر استعمال ہوتے ہیں، جسے آپ گیم کے اندر تجارت، خرید و فروخت یا دیگر سرگرمیوں میں استعمال کر سکتے ہیں۔
یہ گیم سادہ لیکن دلچسپ ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج سوشل میڈیا پر ’DOGS‘ کا شور مچا ہوا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








