شوبز انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے باصلاحیت اداکار نمیر خان اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ‘میں‘ میں منفی کردار ادا کر کے ناظرین کی توجہ حاصل کر چکے ہیں۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنی ذاتی زندگی اور کریئر سے متعلق کھل کر بات کی۔
پروگرام کے دوران میزبان نے نمیر خان سے سوال کیا کہ ان کے خوابوں کی لڑکی (ڈریم گرل) کیسی ہونی چاہیے؟
اس پر اداکار نے مسکراتے ہوئے کہا کہ جو دل کو بھا جائے، وہ ایک ہی نظر میں پہچانی جاتی ہے، میں نے ذہن میں کوئی خاص خاکہ نہیں بنایا، لیکن مجھے کھڑے نقوش (شارپ فیچرز) والی اور میرے جیسے چہرے والی لڑکیاں متاثر کرتی ہیں۔
نمیر نے مزید بتایا کہ مجھے ایک لڑکی بہت پسند آئی تھی جس کا نہ نام معلوم ہے نہ شناخت، وہ مجھے کینیڈا میں کہیں نظر آئی، مگر آج تک یہ نہیں جان پایا کہ وہ کون تھی اور کہاں ہے۔
یکطرفہ محبت پر گفتگو کرتے ہوئے نمیر خان نے کہا کہ ‘ایسی محبت انسان کو بہتر بنانے میں مدد دیتی ہے، کیونکہ آپ اس کے لیے خود کو نکھارنے کی کوشش کرتے ہیں’۔
اپنے فنی سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ‘میں نے فیشن ماڈلنگ سے کریئر کا آغاز کیا، اور ہمیشہ اداکاری کی خواہش تھی، ایک ایوارڈ شو میں میزبانی کا موقع ملا جہاں میں نے کئی معروف فنکاروں کے انٹرویوز کیے اور یہی وہ لمحہ تھا جس نے میرے اندر کا اداکار جگایا’۔
نمیر نے کہا کہ ‘پانچ سال مسلسل محنت کے بعد مجھے اداکاری کا موقع ملا، اور خوشی ہے کہ میرے کردار کے ذریعے ناظرین تک مثبت پیغام پہنچا’۔
‘اب میری خواہش ہے کہ کسی ایسے پروجیکٹ میں کام کروں جو بچوں کی تعلیم جیسے اہم موضوعات کو اجاگر کرے، اور جسے کرتے ہوئے مجھے خود بھی خوشی محسوس ہو’۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








