وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے عدالتی فیصلے کے بعد عمران خان کی رہائی کیلئے نئی جدوجہد کا اعلان کردیا۔
سہیل آفریدی اچانک اسلام آباد میں ایف 6 کے کوئٹہ ہوٹل پہنچے اور لوگوں میں گھل مل گئے۔ شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خان صاحب کا پیغام آ گیا ہے، اب ہم نے گھروں میں نہیں بیٹھنا، عمران خان کا پیغام ملتے ہی اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری شروع کردی ہے۔
ہم ہر گلی، ہر مارکیٹ میں جائیں گے۔ پورے ملک کو متحرک کریں گے، ہر دروازہ کھٹکھائیں گے، لوگوں کو سڑک پر لانے کے لیے تیار کریں گے۔ آج سے میں اور میری ٹیم خان صاحب کے حکم کے مطابق ڈور ٹو ڈور مہم چلائیں گے اور لوگوں کو سڑکوں پر آنے کے لیے تیار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کی فیملی قوم کی خاطر قربانیاں دے رہے ہیں، قوم کا فرض ہے کہ ان کو رہا کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ عمران خان پاکستان اور پاکستان کی آنے والی نسلوں کی جنگ لڑ رہا ہے۔ ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ اب عمران خان کی رہائی اور پاکستان کی حقیقی آزادی میں اپنا کردار ادا کرے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








