کراچی: قومی ٹیم کے فاسٹ بولر اور پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں کے ایل راہول کی وکٹ ورلڈ کپ کا بہترین لمحہ تھا۔
فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ایک انٹرویومیں کہا کہ ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف میچ سے قبل شاہد آفریدی نے بہت اچھے سے رہنمائی کی تھی۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ بھارت کے خلاف پریشر میچ تھا شاہد آفریدی سے ویڈیو کال پر بات کی انہوں نے بہت اچھے سے سمجھایا تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف کے ایل راہول کی وکٹ ورلڈ کپ کا بہترین لمحہ تھا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یقین تھا کہ اگر ان سوئنگ کرلیا تو بھارت کی وکٹیں حاصل کرلوں گا، روہت شرما کو صحیح ایریا میں گیند کرکے وکٹ لینے میں آسانی ہوئی، کے ایل راہول کی وکٹ میں گیند جتنی سوئنگ ہوئی اتنا مجھے بھی یقین نہیں تھا۔
آسٹریلیا کے خلاف میچ میں حسن علی کے ڈراپ کیچ کے سوال پر شاہین آفریدی نے کہا کہ کیچ چھوٹنے کا بہت افسوس تھا اس کے بعد مجھے تین چھکے لگ گئے تاہم یہ گیم کا حصہ ہے ہم نے پورے ایونٹ میں شاندار کرکٹ کھیلی تھی۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ پاکستان کے لیے بہت جلد تینوں فارمیٹ کھیلنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے، پانچ آؤٹ کرکے ہی میچ ونر بنا جاتا ہے، ریڈ بال پر بھی فوکس رکھا ہوا ہے۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ میتھیو ویڈ سے تین چھکے کھانے کے بعد میدان میں کافی عجیب سا محسوس ہورہا تھا تاہم ساتھی سینئر کھلاڑیوں محمد حفیظ اور شعیب ملک نے بہت سپورٹ کیا پھر بھی دل میں یہ تھا کہ تین چھکے نہیں لگنے چاہیے تھے۔
مزید پڑھیں: ایچ بی ایل پی ایس ایل 7کا آفیشل ترانہ، ٹریلر ریلیز کردیا گیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








