پاکستانی اداکاراؤں نے ماضی میں بالی ووڈ میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا کر ثابت کیا کہ فن کی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ ان میں سے چار اداکارائیں ایسی رہیں جنہوں نے بالی ووڈ میں قدم رکھتے ہی نہ صرف خود کو منوایا بلکہ وہ فلمیں بھی سپر ہٹ ثابت ہوئیں جن میں انہوں نے کام کیا۔
سب سے پہلے بات کی جائے زیبا بختیار کی جنہوں نے 1991 میں رشی کپور کے ساتھ فلم حنا میں کام کیا۔ فلم میں سرحد کے آر پار لوگوں کے رشتوں اور جذبات کو اجاگر کیا گیا تھا۔ فلم نہ صرف باکس آفس پر ہٹ ہوئی بلکہ دنیا بھر میں پسند کی گئی۔

فلم کا بجٹ تقریباً دو کروڑ روپے تھا جبکہ اس نے نو کروڑ روپے کا بزنس کیا۔ زیبا بختیار کی ذاتی زندگی بھی خبروں میں رہی۔ انہوں نے چار شادیاں کیں جن میں عدنان سمیع سے ہونے والی شادی اور ان کے بیٹے اذان سمیع خان کا ذکر نمایاں رہا۔
ماہرہ خان نے 2017 میں شاہ رخ خان کے ساتھ فلم رئیس میں ڈیبیو کیا۔ فلم کی ریلیز سے قبل بھارت میں دہشت گرد حملے کے بعد پاکستانی فنکاروں پر پابندی کی فضاء بنی، اور ماہرہ خان کو فلم کی پروموشن سے بھی دور رکھا گیا۔ اس کے باوجود فلم نے 300 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا اور ماہرہ خان کی اداکاری کو سراہا گیا۔

سجل علی نے سری دیوی کے ساتھ فلم مام میں کام کیا۔ اس فلم میں انہوں نے ایک نوجوان لڑکی کا کردار ادا کیا جو ایک مشکل حالات سے گزرتی ہے۔ سجل کی پرفارمنس کو بے حد پسند کیا گیا اور خود سری دیوی نے ان کی تعریف کی۔ فلم نے 175 کروڑ روپے کا بزنس کیا اور سری دیوی کو بعد از مرگ نیشنل ایوارڈ بھی ملا۔

چوتھی اداکارہ صبا قمر تھیں جنہوں نے عرفان خان کے ساتھ فلم ہندی میڈیم میں کام کیا۔ یہ فلم معاشرتی مسائل اور تعلیمی نظام پر مبنی تھی۔ فلم نے صرف 23 کروڑ روپے کے بجٹ میں 90 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا۔ صبا قمر کی اداکاری کو ناقدین نے بھی خوب سراہا اور عرفان خان کو فلم فیئر ایوارڈ ملا۔

یہ چاروں اداکارائیں نہ صرف پاکستان کا نام روشن کر چکی ہیں بلکہ ان کی فلمیں بالی ووڈ میں بھی یادگار رہیں۔ اگرچہ موجودہ حالات میں پاکستانی فنکاروں کا بالی ووڈ میں کام کرنا مشکل ہے لیکن ماضی کی یہ کامیابیاں آج بھی مثال بنی ہوئی ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








