امریکا کے ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر 2001 میں ہونے والا نائن الیون حملہ وہ تاریخی سانحہ ہے جس نے پوری دنیا کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا اور اس دوران بالی ووڈ کنگ کہلانے والے شاہ رخ خان کی اہلیہ گوری خان اور بیٹے آریان خان کی نیویارک میں موجودگی کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی میڈیا (انڈین ایکسپریس) کا کہنا ہے کہ اپنے 2010 میں دئیے گئے انٹرویو میں کنگ خان نے کہا کہ میں نائن الیون حملوں کے وقت نیویارک میں موجود تھا اور میرے ساتھ میری اہلیہ گوری خان، بیٹا آریان خان اور ہدایت کار کرن جوہر کی والدہ ہیرُو جوہر بھی تھیں جب یہ سانحہ ہوا۔
انٹرویو کے دوران شاہ رخ خان نے کہا کہ میری فلم اسوکا کی تشہیر کیلئے ہمیں ایک انٹرویو کرنا تھا اور باقی ٹیم ہم سے 4 گھنٹے پہلے کینیڈین شہر ٹورنٹو کیلئے روانہ ہونے والی تھی۔ میں سو رہا تھا جب ہیرو جوہر نے مجھے جھنجھوڑ کر جگایا اور حملے کے مناظر دکھائے تو میں کچھ اور سمجھا۔
بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان نے کہا کہ میں سمجھا کہ یہ وہی طیارہ ہے جس میں ہمارا عملہ سفر کر رہا تھا (جس کی ٹورنٹو روانگی طے تھی) ، میرے کمرے کے نیچے صحافی انٹرویو کے منتظر تھے اور میں واقعے پر حیران تھا کہ آخر ہوا کیا ہے؟اگلے چند روز ہم نیویارک میں پھنسے رہے کیونکہ فضائی سفر معطل ہوچکا تھا۔
اداکار شاہ رخ خان نے کہا کہ ہم نے خصوصی اجازت طلب کی جس کیلئے کچھ لوگوں سے درخواست کی جنہوں نے ہماری مجبوری کو سمجھا اور بہت مہربانی کی۔ بچوں اور خواتین کے پیشِ نظر ہمیں جانے دیا گیا۔ میں اس واقعے سے گہرائی کے ساتھ متاثر ہوا تھا ، جیسے کہ ہر دوسرا شخص ہوا تھا۔
خیال رہے کہ بھارتی میڈیا کے مطابق نائن الیون کے بعد کے سالوں میں بھی شاہ رخ خان کو تین بار امریکی ائیرپورٹس پر روک لیا گیا۔ شاہ رخ خان کا اپنی بیل یونیورسٹی می کی گئی تقریر میں کہنا تھا کہ جب بھی مجھے اپنے اسٹار ہونے پر غرور ہوتا ہے تو امریکا کا سفر کرلیتا ہوں، امیگریشن افسران مجھے میری اوقات یاد دلادیتے ہیں۔ (یوں شاہ رخ خان نے اشارہ کیا کہ امریکی ائیرپورٹ پر نسلی امتیاز برتا جاتا ہے۔)
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








