برطانوی خبر رساں ایجنسی نے کہا ہے کہ امریکہ آئندہ 24 گھنٹے میں ایران پر حملہ کر سکتا ہے۔
خبر ایجنسی نے یورپی حکام کے حوالے سے بتایا کہ امریکہ کی جانب سے ایران میں فوجی مداخلت کا آغاز ممکنہ طور پر قریب ہے۔
یورپی حکام کا کہنا ہے کہ ایران میں امریکہ کی جانب سے فوجی مداخلت کا آغاز 24 گھنٹے میں ہو سکتا ہے، اس سلسلے میں برطانیہ نے قطر میں موجود اپنے فوجی اڈوں سے عملہ واپس بلا لیا ہے۔
واضح رہے ٹرمپ نے مظاہروں کے بعد ایران پر فوجی کارروائی کی دھمکی دی تھی جس پر ایران نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مذاکرات اور جنگ دونوں کیلئے تیار ہیں۔
دوسری طرف ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث درجنوں تجارتی جہازوں نے ایرانی بندرگاہوں کی حدود سے باہر احتیاطاً لنگر ڈال دیا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق حالیہ دنوں میں درجنوں تجارتی جہاز ایرانی بندرگاہوں کے قریب مگر ان کی حدود سے باہر کھڑے ہو گئے ہیں۔
شپنگ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران میں جاری احتجاج اور امریکا کے ساتھ بڑھتے تناؤ کے باعث جہاز مالکان کسی ممکنہ فوجی کارروائی کے خدشے کے پیش نظر احتیاط برت رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق بندرگاہی حدود میں موجود جہاز کسی بھی فضائی حملے کی صورت میں زیادہ خطرے سے دوچار ہو سکتے ہیں، اسی لیے کئی جہازوں نے فاصلے پر لنگر ڈالنے کو ترجیح دی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








