اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق دو روز کے دوران دارالحکومت میں بھاری اور کمرشل ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد رہے گی جبکہ مختلف داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک کو متبادل روٹس کی طرف موڑ دیا جائے گا۔
ٹریفک حکام نے پشاور سے راولپنڈی آنے والی ٹریفک کو ٹیکسلا موٹروے استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے جبکہ لاہور سے پشاور جانے والی گاڑیاں روات، چک بیلی، چکری اور ٹیکسلا موٹروے کے راستے سے سفر کریں گی۔
شہری علاقوں میں رہائشیوں کے لیے بھی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ جی-5، ایف-6 اور ایف-7 کے رہائشیوں کو مارگلہ روڈ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ جی-6 اور جی-7 کے مکین نائنتھ ایونیو کے ذریعے سفر کر سکیں گے۔ اسی طرح فیصل ایونیو سے زیرو پوائنٹ جانے والی ٹریفک کو بھی نائنتھ ایونیو کی جانب موڑ دیا جائے گا۔
بھارہ کہو سے راولپنڈی جانے والے شہریوں کے لیے کورنگ روڈ، بنی گالہ، لہتراڑ روڈ اور جی ٹی روڈ کو متبادل راستوں کے طور پر تجویز کیا گیا ہے۔ راولپنڈی سے اسلام آباد آنے والے مسافروں کو صدر سے نائنتھ ایونیو استعمال کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جبکہ کرنل شیر خان روڈ سے فیصل ایونیو جانے والی ٹریفک نائنتھ ایونیو سگنل سے اسٹیڈیم روڈ کے ذریعے روانہ ہوگی۔
طویل فاصلے کی ٹریفک کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ پشاور سے لاہور جانے والی گاڑیاں ٹیکسلا موٹروے یا ترنول پھاٹک سے فتح جنگ موٹروے استعمال کریں گی۔ اسی طرح لاہور جی ٹی روڈ سے آنے والی ہیوی ٹریفک کو چک بیلی روڈ کے ذریعے چکری موٹروے کی طرف بھیج دیا جائے گا۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سفر کے دوران کسی بھی ممکنہ پریشانی سے بچنے کے لیے جاری کردہ متبادل راستوں پر عمل کریں اور غیر ضروری طور پر مرکزی شاہراہوں کے استعمال سے گریز کریں تاکہ ٹریفک کا نظام بہتر انداز میں جاری رہ سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








