سعودی عرب کے مقدس شہر مدینہ منورہ کو اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے عالمی ادارۂ صحت (ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن) نے صحت مند شہر کی سند جاری کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے مدینہ منورہ کو صحت مند شہر ہونے کا سرٹیفیکیٹ تمام تر عالمی معیارات پر مکمل عمل درآمد کے بعد جاری کیا ہے۔
سعودی وزیرِ صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے ڈبلیو ایچ او کی جاری کردہ صحت مند شہر کی سند گورنر مدینہ کو پیش کی۔گورنر مدینہ منورہ شہزادہ فیصل بن سلمان نے سعودی وزیرِ صحت سے سرٹیفیکیٹ وصول کیا۔
الشرق الاوسط کا کہنا ہے کہ مدینہ منورہ نے عالمی ادارۂ صحت کے مقرر کردہ تمام تر عالمی معیارات پر اپنا عمل درآمد مکمل کر لیا جبکہ خادمِ حرفین شریفین نے 2016ء میں مدینہ منورہ کیلئے 5 ارب ریال کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی تھی۔
مدینہ منورہ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 5 ارب ریال مہیا کرنے کا مقصد عوام کو بہتر سہولیات مہیا کرنا تھا جس میں مسجدِ نبوی ﷺ کو مناسب سہولیات کی فراہمی اور مدینہ کے شہریوں کی بنیادی ضروریات کیلئے ان کی مدد کرنا تھا۔
شاہ سلمان نے جن ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی ان میں شعبۂ تعلیم و صحت کی اسکیمز بھی شامل تھیں جن پر آگے چل کر بہت کام ہوا۔مدینہ منورہ کی لاکھوں نفوس پر مشتمل آبادی کے علاوہ زائرینِ حج و عمرہ کو سہولیات کی فراہمی بھی سعودی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مدینہ منوّرہ میں روضۂ رسول ﷺ زیارت کیلئے کھول دیا گیا
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








