ایشیا کپ کا ون ڈے فارمیٹ ہو یا ٹی 20 فارمیٹ دونوں میں بھارتی ٹیم کا پاکستان کے خلاف پلڑا بھاری ہے، اوور آل ٹی 20 میچز میں بھی بھارتی ٹیم چھائی رہی۔
ایشیا کپ ٹی 20 میں 14 ستمبر بروز اتوار کو ہونے والا پاک بھارت ٹاکرا اعصاب کی سب سے بڑی جنگ قرار دیا جا رہا ہے۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں روایتی حریف آج شام ساڑھے سات بجے آمنے سامنے ہوں گے، جہاں بلے بازوں کے تیز وار اور گیند بازوں کے خطرناک اسپیل ماحول کو گرما دیں گے۔
اس بار خاص بات یہ ہے کہ دونوں ٹیمیں نئے کپتانوں کی قیادت میں میدان میں اتریں گی، جس سے ٹاکرے کو مزید دلچسپ بنانے کی توقع ہے۔ پاکستانی شاہین جذبے سے سرشار ہیں جبکہ بھارتی سورما بھی اپنی برتری ثابت کرنے کے لیے پرعزم دکھائی دیتے ہیں۔
پاکستانی اوپنر صائم ایوب نے میچ سے قبل کہا کہ ٹیم نے ماضی کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور بلا خوف و خطر میدان میں اترے گی۔ ان کے مطابق ہدف صرف بھارت کو ہرانا نہیں بلکہ پورا ایشیا کپ جیتنا ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ میچ محض دو ٹیموں کا مقابلہ نہیں بلکہ کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک جشن ہے، جس میں ہر گیند اور ہر رن اعصاب کی آزمائش ثابت ہوگا۔
ایشیا کپ میں کس کا پلڑا بھاری؟
ایشیا کپ 2025 کا میلہ سج چکا ہے اور اب سب کی نظر پاک بھارت ٹاکرے پر جڑیں ہیں، دنیا بھر میں کروڑوں شائقین کو ایکشن کا انتظار ہے۔
روایتی حریفوں کے وائٹ بال ہیڈ ٹو ہیڈ میں بھارت بہت آگے ہے، ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان مجموعی طور پر 19 میچز ہوئے، جن میں بھارت نے 10 میچوں میں فتح حاصل کی جب کہ پاکستانی ٹیم 6 میں میدان مار سکی اور 3 مقابلے بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوئے۔
ایشیا کپ ون ڈے فارمیٹ 15 میچز کھیلے گئے، بھارت نے 8 اور پاکستان نے 5 میں کامیابی سمیٹی جبکہ مختصر فارمیٹ میں 3 بار آمنا سامنا ہوا، 2 میچ بھارت اور ایک ٹی ٹوئنٹی پاکستان کے نام رہا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








