معروف بھارتی اداکار اکشے کمار ایک بار پھر سب سے زیادہ ٹیکس دینے والے اداکار بن گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کمار ایک بار پھر انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والی شخصیت بن گئے ہیں۔ دیانت داری سے ٹیکس ادا کرنے پر انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ نے انہیں خصوصی سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اکشے کمار نے گزشتہ 5 سال میں سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والے اداکار کا ریکارڈ برقرار رکھا ہے۔
اکشے کمار اس وقت برطانیہ میں شوٹنگ کر رہے ہیں، اس لیے ان کی ٹیم نے ان کی جانب سے انکم ٹیکس ڈیپارٹمنٹ سے اعزازی سرٹیفکیٹ وصول کیا۔
بالی وڈ اسٹار گزشتہ 5 سال میں مسلسل بھارت کے سب سے بڑے ٹیکس دہندگان میں شامل رہے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں ان کے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی بالی ووڈ انڈسٹری کے مشہور اداکار کو آخری مرتبہ اپنی فلم ’’سمرات پرتھوی راج‘‘ میں دیکھا گیا تھا، جسے باکس آفس پر بری طرح ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
فلم کی تیاری میں تقریباً 300 کروڑ بھارتی روپے کی لاگت آئی لیکن اب تک مجموعی کمائی صرف 61.72 کروڑ ہے۔ فلمی شائقین نے سمراٹ پرتھوی راج پر عدم دلچسپی کا اظہار کیا اور سینما گھروں میں مذکورہ فلم کے بجائے دوسری فلموں کو ترجیح دی۔