کراچی سے کولا نیکسٹ کے مالک ذوالفقار احمد پراچہ کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا ہے جبکہ خاندانی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ منگل کے روز پیش آیا۔
تفصیلات کے مطابق ڈبل کیبن گاڑی میں ماڑی پور روڈ سے منگل کو چند نامعلوم مسلح افراد نے کولا نیکسٹ کے مالک ذوالفقار احمد پراچہ کو اغوا کرلیا جس پر ان کے اہلِ خانہ نے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دے دی ہے۔
گروپ منیجر عمران کی جانب سے دی گئی درخواست کے مطابق ذوالفقار احمد کی گاڑی ایک بلیک ویگو نے پولیس ٹریننگ سینٹر ماڑی پور کے سامنے روک لی۔ نقاب پوش افراد نے کولا نیکسٹ کے مالک اور دوست قیصر کو کار سے باہر نکالا اور گن پوائنٹ پر ویگو میں بٹھا لیا۔

درخواست گزار منیجر عمران کا کہنا ہے کہ ذوالفقار احمد پراچہ اغوا سے قبل کراچی کے علاقے کلفٹن کی جانب جارہے تھے۔ ملزمان نے کولا نیکسٹ کے مالک کو دوست سمیت اغوا کرنے کے بعد قیصر کو کچھ دور لے جا کر گاڑی سے اتار دیا اور ذوالفقار احمد پراچہ کو اغوا کرکے لے گئے۔
منیجر عمران نے کہا کہ کولا نیکسٹ کے مالک کے دوست قیصر نے مجھ سے رابطہ کرکے تمام تفصیلات سے آگاہ کیا۔ میں پولیس سے درخواست کرتا ہوں کہ نامعلوم ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے اور کولا نیکسٹ کے مالک ذوالفقار احمد پراچہ کو اغوا کاروں سے بازیاب کرایاجائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








