اسلام آباد کے شہریوں کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں الیکشن کمیشن نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ طویل انتظار کے بعد آخرکار یہ طے ہوگیا ہے کہ شہری حکومت کے نمائندوں کا انتخاب کب ہوگا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 15 فروری کو ہوں گے جس کے لیے پولنگ صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسران 19 دسمبر کو کاغذاتِ نامزدگی کے لیے پبلک نوٹس آویزاں کریں گے۔
شیڈول کے مطابق امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی 22 سے 27 دسمبر تک جمع کرا سکیں گے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال 30 دسمبر سے 3 جنوری 2026 تک مکمل کی جائے گی۔
کمیشن کے مطابق اپیلیں دائر کرنے کا مرحلہ 5 سے 8 جنوری 2026 تک ہوگا، جبکہ ان اپیلوں پر فیصلے 9 سے 13 جنوری کے دوران سنائے جائیں گے۔
کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 15 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے جس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست 16 جنوری کو جاری کی جائے گی۔ اسی روز امیدواروں کو انتخابی نشانات بھی الاٹ کیے جائیں گے۔
اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کے لیے پولنگ 15 فروری کو ہوگی جبکہ نتائج مرتب کرنے کا عمل 16 سے 19 فروری تک مکمل کیا جائے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








