اسپتالوں میں 24 گھنٹے ہائی الرٹ کیوں؟ میئر کراچی کے حکم نے تشویش بڑھا دی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن نے شہر میں متوقع شدید گرمی کی لہر سے نمٹنے کیلئے ہنگامی اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ ہدایات میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی جانب سے جاری کی گئی ہیں تاکہ شہریوں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔

اس سلسلے میں کے ایم سی کے زیر انتظام تمام اسپتالوں میں فوری طور پر خصوصی ہیٹ ویو وارڈز قائم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔

میئر کراچی نے سینئر ڈائریکٹر میڈیکل ہیلتھ اینڈ سروسز اور تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو آگاہ کیا کہ شدید گرمی کے باعث شہریوں، خصوصاً بزرگوں، بچوں اور باہر کام کرنے والے افراد کو صحت کے سنگین مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے اس لیے متاثرہ مریضوں کے بروقت اور موثر علاج کیلئے خصوصی انتظامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے تاکید کی کہ ہیٹ ویو وارڈز میں بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ٹھنڈک کے مناسب انتظامات جیسے پنکھے اور ایئر کنڈیشنرز، فعال رکھے جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ضروری ادویات، ڈرِپ او آر ایس اور دیگر ہنگامی طبی سامان کی دستیابی بھی ہر صورت برقرار رکھی جائے۔

میئر کراچی نے مزید ہدایت کی کہ تربیت یافتہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل عملہ چوبیس گھنٹے ڈیوٹی پر موجود رہے جبکہ ایمرجنسی رسپانس نظام اور مریضوں کی درجہ بندی (ٹریاج) کے طریقہ کار کو مؤثر انداز میں نافذ کیا جائے تاکہ فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ مریضوں اور ان کے تیمارداروں کیلئے صاف پینے کے پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور اسپتالوں میں احتیاطی تدابیر سے متعلق آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔

اس اقدام کو نہایت ہنگامی قرار دیتے ہوئے میئر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ روزانہ کی بنیاد پر صورتحال سے متعلق رپورٹس پیش کی جائیں تاکہ ہیٹ ویو کے دوران شہریوں کو بروقت اور مناسب طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Related Posts