امریکی ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے ایک ایرانی چینل کو بند کردیا جوکہ لیگو طرز پر بنائی گئی مصنوعی ذہانت کی ویڈیوز تیار کرتا تھا جن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا مذاق اڑایا جاتا تھا۔ گوگل کی ملکیت رکھنے والے اس پلیٹ فارم نے بدھ کے روز یہ اقدام کیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر تنقید کی لہر بھی دیکھنے میں آئی۔
ایکسپلوسیو میڈیا نامی یہ گروپ جو تہران کے حامی تخلیق کاروں پر مشتمل ہے اور خود کو آزاد ظاہر کرتا ہے تاہم عام طور پر اسے ایرانی حکومت سے جڑا ہوا سمجھا جاتا ہے امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کے دوران اپنی اینی میشن ویڈیوز کی وجہ سے خاصی شہرت حاصل کر چکا ہے۔ ان ویڈیوز کو انٹرنیٹ پر لاکھوں بار دیکھا جا چکا ہے۔
یوٹیوب کے ایک ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس چینل کو اسپام، گمراہ کن سرگرمیوں اور دھوکہ دہی سے متعلق پالیسیوں کی خلاف ورزی پر بند کیا گیا ہے تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ ان کے مطابق یہ چینل 27 مارچ کو معطل کیا گیا تھا۔
اس کے باوجود ایکسپلوسیو میڈیا دیگر پلیٹ فارمز پر اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے تھا جہاں وہ امریکی جنگی حکمت عملی کا مذاق اڑاتی ویڈیوز شائع کرتا رہا جن میں ایلون مسک کی ملکیت والے پلیٹ فارم ایکس اور ٹیلیگرام شامل ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق میٹا کی ملکیت والے انسٹاگرام نے بھی اس گروپ کا اکاؤنٹ ہٹا دیا لیکن اسی نام سے ایک دوسرا اکاؤنٹ بدھ تک فعال تھا۔اس معاملے پر میٹا نے اے ایف پی کی درخواست پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔
یوٹیوب کے اس فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے ایکسپلوسیو میڈیا نے ایکس پر لکھاکہ کیا واقعی ہماری لیگو طرز کی اینی میشنز پرتشدد ہیں؟
یوٹیوب کی پابندی کے باوجود ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس اقدام سے گروپ کی رسائی پر زیادہ اثر نہیں پڑا کیونکہ ان کی ویڈیوز اب بھی اسی پلیٹ فارم پر مختلف تخلیق کاروں کی جانب سے وسیع پیمانے پر شیئر کی جا رہی ہیں۔
یہ طنزیہ ویڈیوز جو امریکی عوامی ثقافت کے عناصر کو استعمال کرتی ہیں ٹرمپ کو ایک بڑے زرد سر کے ساتھ دکھاتی ہیں اور انہیں ایک ایسے عمر رسیدہ اور تنہا شخص کے طور پر پیش کرتی ہیں جو بچگانہ غصے کا شکار رہتا ہے اور حقیقت سے کٹا ہوا محسوس ہوتا ہے۔
گزشتہ ہفتے دو ہفتوں کی جنگ بندی کے اعلان کے بعد گروپ نے ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کی جس کے کیپشن میں لکھا تھاکہ TACO ہمیشہ TACO ہی رہے گاجس سے مراد “Trump always chickens out” یعنی ٹرمپ ہمیشہ پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔
ڈرامائی پس منظر موسیقی کے ساتھ اس ویڈیو میں ٹرمپ جیسی ایک کھلونا شخصیت کو عرب رہنماؤں کے ساتھ بیٹھا دکھایا گیا ہے جو امریکی فوجی اہلکاروں کی طرف کرسی پھینکتا ہے، جبکہ ایرانی جرنیل ایک سرخ بٹن دباتے ہیں جس پر “Back to the Stone Age” لکھا ہوتا ہے اور اس کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں تباہی کی ایک لہر پھیلتی ہوئی دکھائی جاتی ہے۔
لیگو اسٹائل کلپس کیا ہوتا ہے؟
لیگو اسٹائل کلپس سے مراد ایسی ویڈیوز ہوتی ہیں جو LEGO کھلونوں کے انداز میں بنائی جاتی ہیںیعنی کردار، ماحول اور ایکشن سب کچھ ایسے دکھایا جاتا ہے جیسے وہ لیگو بلاکس یا منی فگرز سے بنایا گیا ہو۔
یہ کلپس عموماً دو طریقوں سے بنتی ہیں
ایک تو اصل لیگو کھلونوں کے ذریعے (جسے اسٹاپ موشن اینیمیشن کہتے ہیں) اور دوسرا کمپیوٹر یا اے آئی (مصنوعی ذہانت) کی مدد سے جہاں سب کچھ ڈیجیٹل طور پر لیگو جیسا ڈیزائن کیا جاتا ہے۔
ان ویڈیوز کی خاص بات یہ ہوتی ہے کہ
کردار چھوٹے، کھلونوں جیسے اور سادہ ہوتے ہیں
حرکت تھوڑی کارٹون جیسی یا غیر حقیقی لگتی ہے
ماحول بلاکس اور رنگین ٹکڑوں پر مشتمل ہوتا ہے
عام طور پر لوگ لیگو اسٹائل اس لیے استعمال کرتے ہیں کیونکہ اس سے سنجیدہ یا سیاسی موضوعات کو بھی ہلکے، مزاحیہ یا طنزیہ انداز میں پیش کیا جا سکتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








