10 ماہ تک بیٹی کی خیریت کیوں نہ پوچھی؟ مشی خان اداکارہ حمیرا کے والدین پر برس پڑی

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

ماضی کی معروف اداکارہ اور میزبان مشی خان نے مرحومہ اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کے والدین کے حالیہ انٹرویو پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے مایوس کن اور غیر سنجیدہ قرار دیا ہے۔

مشی خان نے کہا کہ جب پوری قوم اس اندوہناک واقعے کے حقائق جاننے کی منتظر ہے اس وقت حمیرا کے والدین کا رویہ غیر سنجیدہ نظر آیا۔

مشی خان نے سوشل میڈیا پر جاری ویڈیو میں کہا کہ پولیس تفتیش میں بھی مشکلات کا سامنا کر رہی ہے کیونکہ حمیرا کی فیملی تعاون نہیں کر رہی۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Mishi Khan MK (@mishikhanofficial2)

مشی خان نے واضح الفاظ میں کہا کہ حمیرا کی موت کی اصل وجہ جاننا بہت ضروری ہے، لیکن ان کے والدین کی جانب سے سنجیدگی کا فقدان دکھائی دیتا ہے۔

مشی خان نے حمیرا کے والدین سے سخت سوال بھی کیے کہ اگر انہیں اپنی بیٹی کے شوبز میں کام کرنے پر اعتراض نہیں تھا تو پھر دس ماہ تک بیٹی کی خیریت کیوں نہ پوچھی گئی؟ اگر وہ گھر کا پتہ نہیں جانتے تھے تو پولیس سے مدد کیوں نہ لی؟

انہوں نے کہا کہ بدنامی کا خوف اگر وجہ تھا تو اب بھی میڈیا پر بیٹی کی افسوسناک حالت میں موت کے چرچے ہو رہے ہیں۔ مشی نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حمیرا کے والدین کو اپنی بیٹی کے لیے وقت پر ذمہ داری اور سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے تھا۔

یاد رہے کہ حمیرا اصغر، جو لاہور سے تعلق رکھتی تھیں، ان کی لاش 8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک فلیٹ سے ملی تھی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ان کا انتقال اکتوبر 2024 میں ہو چکا تھا، اور لاش ڈی کمپوز ہونے کے آخری مراحل میں تھی۔ تاہم، ان کی موت کی اصل وجہ تاحال سامنے نہیں آ سکی ہے۔

Related Posts