بجلی اور پیٹرول کی قیمتیں بڑھیں تو سمجھنا وزیراعظم چور ہے۔مریم نواز نے یہ کب اور کیوں کہا؟

تازہ ترین

تازہ ترین

مریم نواز
(فوٹو: آن لائن)

سوشل میڈیا پر حال ہی میں وائرل ہونے والے بیان میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز یہ کہتی دکھائی دیتی ہیں کہ بجلی اور پیٹرول کی قیمتیں بڑھ جائیں تو سمجھنا وزیراعظم چور ہے۔ مریم نواز نے یہ بیان آج سے تقریباً 5سال قبل دیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق اکتوبر 2021 میں میں فیصل آباد میں پی ڈی ایم جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا جب بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ ہوتو سمجھ جاؤ وزیراعظم چور ہے تو آج چور کون ہے۔نواز شریف پر ظلم ہورہا تھا۔

خطاب کے دوران مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے کہا تھا کہ میں اپنا معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑتا ہوں۔ جب انسان اپنا معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑے تو دنیا کی تمام طاقت اور ایک پیج پر ہونے کے باوجود تاریخی ناکامی اور ذلت و رسوائی ہی ظالم کا مقدر بن جاتی ہے۔

نائب صدر مسلم لیگ (ن) مریم نواز نے کہا کہ آج کیا نواز شریف کے مخالفین کو اللہ نے عبرت کا نشان نہیں بنایا، جس نے اپنا معاملہ اللہ پر چھوڑا اس کو اللہ نے سرخرو کیا اور ظالم کو اللہ نے نامراد کردیا۔نواز شریف کے دور میں چینی 50روپے کلو تھی، آج 3 سال بعد چینی 120روپے سے بھی مہنگی ہوگئی۔ چور کون ہوا؟

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں روٹی 5روپے کی تھی اور اب 25روپے کی ہوگئی تو چور کون ہے؟ نواز شریف کے دور میں گھی، کوکنگ آئل 140روپے اور آج 340روپے فی لیٹر ہے تو چور کون ہے۔ آج پیٹرول، ڈیزل اور کوکنگ آئل مہنگا ہوگیا اور قیمتیں تاریخی سطح پر پہنچ گئی ہیں۔

بیان سوشل میڈیا پر وائرل کیوں؟

مریم نواز کا ماضی کا یہ بیان سوشل میڈیا پر وائرل اس لیے ہورہا ہے کیونکہ آج ہی حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 55روپے فی لیٹر سے زائد کا اضافہ کیا ہے جس کے نتیجے میں مہنگائی کا نیا طوفان آنے کو تیار ہے۔سوشل میڈیا صارفین کا ماننا ہے کہ مریم نواز کا یہ بیان موجودہ صورتحال کی بھی بہترین عکاسی کرتا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت کو پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ عالمی سطح پر تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث کرنا پڑا، ایران پر امریکا و اسرائیل کے حملوں اور آبنائے ہرمز کی بندش کو تیل کی قیمتوں میں تیزی سے اضافے کا ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے۔

ایک بڑی غلط فہمی

دلچسپ طور پر اس بیان کے ضمن میں ایک بڑی غلط فہمی یہ ہے کہ سوشل میڈیا صارفین کو لگتا ہے کہ مریم نواز نے یہ کہا کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں بڑھیں تو اسے وزیراعظم کے چور ہونے سے منسوب کیا جائے، حالانکہ اپنے خطاب میں مریم نواز نے باقاعدہ حوالہ دے کر کہا کہ عمران خان یہ کہا کرتے تھے اور ان کے دور میں بھی قیمتیں بڑھیں، اب بتائیں کہ چور کون ہوا؟

Related Posts