وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت نے بچے کی پیدائش پر والد کو چھٹی نہ دینے پر اسٹیٹ بینک کو 5لاکھ روپے کا جرمانہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی محتسب فوزیہ وقار نے یہ اقدام بچے کی پیدائش پر والد کو 30روز کی رخصت نہ دینے پر اٹھایا۔ محتسب نے حکم دیا کہ 5لاکھ جرمانے کی رقم میں سے 4لاکھ شکایت گزار آفیسر سید باسط علی کو ادا کیے جائیں۔
آفیسر سیّد باسط علی کو بچے کی پیدائش پر چھٹی کی ضرورت تھی تاہم بینک کی جانب سے چھٹی نہ دینے پر آفیسر نے وفاقی محتسب برائے انسدادِ ہراسیت فوزیہ وقار سے رجوع کیا۔ وفاقی محتسب نے معاملے کی سماعت کے بعد اسٹیٹ بینک پر جرمانہ عائد کردیا۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ اس قانون سازی کے پس منظر میں سامنے آیا ہے جو میٹرنٹی اینڈ پیٹرنٹی لیو ایکٹ 2023 کے تحت وجود رکھتی ہے، جس نے پاکستان میں والدین کے لیے والد بننے یا بچے کی پیدائش کے موقع پر رخصت کے حقوق قانونی طور پر متعین کیے ہیں۔
قانون کے تحت بچے کی پیدائش پر والدہ کے ساتھ ساتھ والد کو بھی چھٹی کا حق حاصل ہے۔ مرد ملازمین کو بچے کی پیدائش پر 30 دن کی پیٹرنٹی لیو مکمل تنخواہ کے ساتھ ملنے کا حق دیا جاتا ہے، جو ان کی سروس میں زیادہ سے زیادہ تین بار لی جا سکتی ہے۔یہ قانون وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے حدود میں تمام سرکاری و نجی اداروں پر لاگو ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








