حال ہی میں روس میں 2 سورج ایک ساتھ طلوع ہوتے ہوئے دیکھے گئے ہیں جبکہ اس سے قبل چین میں 3، 5 اور 7سورج بھی ایک ساتھ طلوع ہوتے دیکھے گئے ہیں۔ کیا یہ کوئی قیامت کی نشانی ہے؟ اور ایسا کیوں ہوتا ہے؟ حقائق سامنے آگئے۔
تفصیلات کے مطابق روس کے علاقے سخالین میں 2 سورج ایک ساتھ دیکھنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی اور ویڈیو وائرل ہونے کی وجہ واقعے کی حیرت ناکی اور عوام کی اس واقعے میں بڑھتی ہوئی حیرت اور تشویش تھی۔
کیا یہ قیامت کی نشانی ہے؟
مسلمان سوشل میڈیا صارفین نے سوال اٹھایا کہ کیا یہ قیامت کی نشانی ہے؟ تو اسلام نے ایسی کوئی قیامت کی نشانی بیان نہیں فرمائی۔ علمائے کرام کے مطابق قیامت کی نشانی یہ ضرور ہے کہ سورج مشرق کی بجائے مغرب سے طلوع ہوگا، تاہم ایک ساتھ 2، 3 یا 5سورج طلوع ہونے کا ذکر نہیں ملتا۔
سن ڈاگ کیا ہے؟
روس میں ایک ساتھ 2 سورج نظر آنے کے معاملے پر ماہرین کاکہنا ہے کہ اس واقعے کو سن ڈاگ یا پھر پارہیلین کا نام دیا جاتا ہے جو برفانی ہالے کی ایک قسم ہے اور یہ ہالہ اس وقت بنتا ہے جب سورج کی روشنی مفجا میں برف کے چھوٹے کرسٹلز کے ایک رخ سے داخل ہو کر دوسرے رخ سے تقریباً 60 درجے کے زاویے پر خارج ہوجائے۔
جب ایسا ہوتا ہے تو سورج کے اطراف روشن دھبے نمودار ہوتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سن ڈاگز سورج کے افق کے قریب ہونے کے وقت زیادہ واضح ہوتے ہیں جو صرف صبح طلوعِ آفتاب یا شام کو غروبِ آفتاب کے وقت ظاہر ہوتے ہیں۔
درجہ حرارت یا سردی سے تعلق؟
اس سے قبل سامنے آنے والی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ روسی علاقے سخالین میں چونکہ درجہ حرارت نقطہ انجماد سے کافی نیچے یعنی منفی 14 سے منفی 20 ڈگری کے درمیان ہے اور مزید گرنے کا خدشہ ہے، شاید یہی وجہ ہے کہ سن ڈاگ کا بصری مظہر دیکھنے کو ملا، تاہم یہ درست نہیں ہے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ سن ڈاگز صرف سرد علاقوں میں نہیں بلکہ دنیا کے کسی بھی حصے میں اور کسی بھی موسم میں دیکھے جاسکتے ہیں۔ اس کا زمین کی سطح پر درجہ حرارت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
تین، پانچ اور سات سورج؟
ماضی میں سال 2020 میں چینی شہر موہے میں عوام نے آسمان پر 3 سورج ایک ساتھ دیکھنے کا دعویٰ کیا تھا جسے ماہرین نے سن ڈاگ سے منسوب کیا جبکہ اس سے قبل شمالی چین کے علاقے اندرونی منگولیا میں عوام نے 5 سورج دیکھنے کا دعویٰ کیا تھا۔
یہی نہیں بلکہ اگست 2024 میں چینی شہر چینگڈو سے سامنے آنے والی ایک ویڈیو نے عوام کو اس وقت ورطہ حیرت میں ڈال دیا جب عوام نے عوام پر بیک وقت 7 سورج چمکتے ہوئے دیکھے جبکہ تمام سورج ایک دوسرے سے مختلف بھی نظر آرہے تھے۔
بیک وقت3، 5 اور 7 سورج نظر آنے کی خبروں نے سوشل میڈیا صارفین کو اس وقت بھی حیران کردیا تھا، تاہم ماہرین کا ماننا ہے کہ نظام شمسی کا سورج ایک ہی ہے جس کے ایک سے زائد عکس دیکھنا سراسر ایک فطری اور سائنسی مظہر ہے، جس سے کوئی پراسرار داستان منسوب کرنا جہالت کو فروغ دینے کے مترادف ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








