پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں آج رات چاند کا نظارہ معمول سے کچھ زیادہ خاص ہو گا کیونکہ2025 کا پہلا سپر مون نظر آنے والا ہے۔ ماہرین فلکیات کے مطابق یہ خوبصورت منظر غروب آفتاب کے بعد آسمان پر دکھائی دے گا اور طلوع آفتاب سے پہلے غروب ہو جائے گا۔
اسپارکو کے مطابق سپر مون کے وقت چاند زمین کے کافی قریب آ جاتا ہے۔ آج کی رات یہ چاند زمین سے تقریباً 3 لاکھ 60 ہزار کلومیٹر کے فاصلے پر ہو گا۔ اس وجہ سے یہ عام مکمل چاند کی نسبت تھوڑا بڑا (تقریباً 6.6 فیصد) اور زیادہ روشن (تقریباً 13 فیصد) دکھائی دے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چاند ہر ماہ زمین کے گرد چکر لگاتا ہے لیکن اسکا مدار مکمل گول نہیں بلکہ تھوڑا بیضوی ہوتا ہے۔ اسی وجہ سے کچھ مواقع پر چاند زمین سے بہت قریب آجاتا ہے اور جب ایسا مکمل چاند کی رات ہو، تو اسے سپر مون کہا جاتا ہے۔
یہ سپر مون پاکستان سمیت دنیا کے کئی حصوں میں دیکھا جا سکے گا جبکہ اس کے علاوہ رواں سال مزید دو سپر مون بھی آنے والے ہیں۔
5 نومبر 2025 کو سال کا سب سے روشن سپر مون نظر آئے گا۔
5 دسمبر 2025 کو تیسرا اور آخری سپر مون دکھائی دے گا۔
ماہرین کے مطابق عام طور پر سال میں تین سے چار بار سپر مون دیکھا جا سکتا ہے اور یہ ایک شاندار فلکی مظاہر میں شمار ہوتا ہے جو آسمان میں دلچسپی رکھنے والوں کیلئے خاص اہمیت رکھتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








