بھارت کی ریاست اتر پردیش میں گھریلو تنازع اس وقت ڈرامائی صورت اختیار کر گیا جب بیوی نے شوہر کے سموسے نہ لانے پر اپنے اہل خانہ کے ساتھ مل کر اس پر حملہ کر دیا۔ واقعے میں شوہر شدید زخمی ہو گیا جبکہ پولیس نے چار افراد کے خلاف قتل کی کوشش کا مقدمہ درج کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ 30 اگست کو سہراپور گاؤں میں پیش آیا، جہاں آنند پور کے رہائشی شیوَم اپنی بیوی سنگیتا کے لیے سموسے لانے میں ناکام رہے۔ معمولی تکرار اگلے ہی دن سنگین جھگڑے میں بدل گئی جب سنگیتا نے اپنے والدین اور ماموں کو بلا لیا۔
31 اگست کو سابق گاؤں پردھان اویدیش شرما کی موجودگی میں پنچایت بلائی گئی مگر یہ بیٹھک پرتشدد ہو گئی۔ جھگڑے کے دوران سنگیتا، اس کے والدین اور ماموں نے مبینہ طور پر شیوَم پر حملہ کیا۔
پولیس کے مطابق متاثرہ کی والدہ وجے کماری نے تحریری شکایت درج کرائی جس پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف قتل کی کوشش سمیت دیگر الزامات میں ایف آئی آر درج کی گئی۔
اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے، جس میں متاثرہ اور اس کے گھر والوں کو شدید مارپیٹ کا نشانہ بنتے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








