معروف صحافی اور وکی لیکس کے بانی جولیان اسانج نے کانز فلم فیسٹیول میں ایک منفرد انداز میں فلسطینی بچوں کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔
انہوں نے اپنی ٹی شرٹ پر 2023 سے اب تک اسرائیلی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہونے والے پانچ اور اس سے کم عمر کے 4,986 فلسطینی بچوں کے نام درج کیے۔
یہ اقدام عالمی سطح پر فلسطینی بچوں کے قتلِ عام کی سنگینی کو اجاگر کرنے کیلئے تھا۔ جولیان اسانج نے فلسطینی بچوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ بھی کیا۔
اس موقع پر جولیان اسانج نے کہا کہ یہ نام صرف اعداد و شمار نہیں ہیں، یہ ہمارے ضمیر کی آواز ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی بچوں کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے۔
اس اقدام نے عالمی سطح پر فلسطینی بچوں کے حقوق اور ان کے تحفظ کے حوالے سے اہم سوالات اٹھائے ہیں۔ یہ واقعہ اس بات کا غماز ہے کہ عالمی فنونِ لطیفہ کے پلیٹ فارمز کو انسانی حقوق کے مسائل اجاگر کرنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
یاد رہے کہ کانز فلم فیسٹیول کی ابتدائی تقریب میں فلسطینی صحافی فاطمہ حسونہ کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا گیا۔
فاطمہ حسونہ 16 اپریل 2025 کو غزہ میں اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہو گئی تھیں۔ فرانسیسی اداکارہ نے کہا کہ ہم خاموش نہیں رہ سکتے جب غزہ میں نسل کشی ہو رہی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر فاطمہ کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔
کانز فلم فیسٹیول میں شریک دیگر اداکاروں اور فلم سازوں نے بھی غزہ میں جاری تشدد کی مذمت کی اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر 350 سے زائد فلم سازوں، اداکاروں اور پروڈیوسروں نے ایک مشترکہ بیان پر دستخط کیے، جس میں غزہ میں جاری تشدد کی مذمت اور فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








