اسلام آباد: پاکستان میں 23 مارچ یومِ پاکستان کے طور پر ہر سال قومی تعطیل کے طور پر منایا جاتا ہے۔
یہ دن قراردادِ لاہور 1940 اور 1956 میں پاکستان کے پہلے آئین کی منظوری کی یاد میں منایا جاتا ہے۔
اس موقع پر سرکاری دفاتر، اسکول اور بیشتر کاروباری مراکز بند رہتے ہیں تاہم اس سال 23 مارچ بروز اتوار آ رہا ہے۔
پاکستان میں عمومی طور پر اگر کوئی عام تعطیل اتوار کو آ جائے تو حکومت متبادل چھٹی کا اعلان نہیں کرتی تاہم اس سال چونکہ یہ دن ماہِ رمضان کے دوران آ رہا ہے، عوام توقع کر رہے ہیں کہ حکومت 24 مارچ، پیر کو متبادل تعطیل کا اعلان کرے گی۔
حکومت کی جانب سے اب تک اس بارے میں کوئی عندیہ نہیں دیا گیا لیکن سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے 24 مارچ کو عام تعطیل دینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ رمضان میں شہریوں کو مزید سہولت مل سکے۔
اس سے قبل یہ رپورٹ سامنے آئی تھی کہ 23 مارچ کو ہونے والی یومِ پاکستان پریڈ روایتی مقام کی بجائے ایوانِ صدر میں منعقد کی جائے گی۔ یہ فیصلہ رمضان المبارک اور حکومتی کفایت شعاری پالیسی کے تحت کیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس سال پریڈ میں فوجی ساز و سامان کی نمائش محدود پیمانے پر ہوگی اور صرف منتخب ہتھیار اور دفاعی آلات پیش کیے جائیں گے۔ اسی طرح، پاک فضائیہ کا فضائی مظاہرہ بھی محدود رکھا جائے گا۔
اس تقریب میں صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کو گارڈ آف آنر پیش کیا جائے گا، جبکہ اس میں وزیرِ اعظم شہباز شریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان بھی شریک ہوں گے۔
جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز کے زیرِ نگرانی ہونے والی یہ تقریب پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کے لیے منعقد کی جا رہی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








