بجٹ اصلاحات عوام کو ریلیف دیں گی یا نہیں؟ وزیر خزانہ کی پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس میں مالی سال 2025-26 کے بجٹ کی اہم خصوصیات پر روشنی ڈالی، جس میں توانائی اصلاحات، پنشن سسٹم کی بہتری اور ٹیرف ریفارمز کو بجٹ کا مرکزی جزو قرار دیا گیا۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے برآمدات پر مبنی معیشت کی طرف پیش قدمی کے لیے 4 ہزار سے زائد ٹیرف لائنز پر کسٹم ڈیوٹی ختم کر دی ہے، جو گزشتہ تین دہائیوں میں ایک بڑی اصلاحات میں شمار ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات ملکی صنعت کو عالمی سطح پر مسابقت کے قابل بنانے کی کوشش ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ سپر ٹیکس میں مرحلہ وار کمی کا آغاز کر دیا گیا ہے، اور چھوٹے کسانوں کو آسان شرائط پر قرضے فراہم کیے جائیں گے تاکہ زرعی شعبہ مستحکم ہو۔ کھاد اور زرعی ادویات پر مجوزہ ٹیکس کو وزیراعظم کی ہدایت پر ختم کر دیا گیا ہے تاکہ کسانوں پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ کنسٹرکشن سیکٹر میں ٹرانزیکشن کاسٹ کم کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تاکہ اس شعبے میں ترقی کی رفتار تیز ہو اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے، اور ٹیکس اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ جلد چیئرمین ایف بی آر دیں گے۔

وزیر خزانہ نے زور دیا کہ معاشی بحالی کے لیے مربوط اصلاحات ضروری ہیں، اور حکومت عملی اقدامات کے ذریعے معیشت کو درست سمت میں لانے کے لیے پُرعزم ہے۔

Related Posts