بھارتی وزیرِاعظم نریندر مودی اس ماہ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کر سکتے ہیں، جس کی دعوت سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے دی ہے۔
پیر کے روز ذرائع نے انکشاف کیا کہ یہ دورہ نجی نوعیت کا ہوگا، مودی نواز شریف کے پوتے کی شادی کی تقریب میں شرکت کریں گے تاہم بھارتی حکومت اور شریف خاندان دونوں کی جانب سے اس دورے کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ مودی اور نواز شریف کے درمیان ذاتی تعلقات ہیں اور دونوں رہنما اس سے پہلے بھی مل چکے ہیں، جب مودی نے 25 دسمبر 2015 کو غیر متوقع طور پر لاہور کا دورہ کیا تھا، اس وقت دونوں اپنے اپنے ممالک کے وزیرِاعظم تھے۔
ادھر، رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کے بیٹے حسین نواز کے صاحبزادے زید حسین کی شادی کی تیاریوں کا زور و شور سے آغاز ہو چکا ہے۔ شادی کی تقریب 25 دسمبر کو متوقع ہے، جو نواز شریف کی سالگرہ کا دن بھی ہے۔
شریف خاندان کے افراد اور رشتہ داروں کے علاوہ اس شادی میں غیر ملکی مہمان اور دیگر معزز شخصیات بھی شرکت کریں گی۔ یہ شاندار تقریب شریف خاندان اور ان کے مہمانوں کے لیے ایک اہم موقع ہوگی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








