ریاض: سعودی عرب میں جاری پب جی موبائل ورلڈ کپ 2025 کے تیسرے اور آخری دن کے مقابلے اختتام پذیر ہو گئے جس کے بعد آٹھ سرِفہرست ٹیموں نے براہ راست گرینڈ فائنل میں جگہ حاصل کر لی ہے۔
ان مقابلوں میں مجموعی طور پر اٹھارہ میچ کھیلے گئے جن میں ہر روز چھ چھ میچز شامل تھے۔ تمام ٹیموں کی کارکردگی کو الیمینیشن پوائنٹس اور میچ میں پوزیشن کی بنیاد پر جانچا گیا۔
ان مقابلوں میں انڈونیشیا کی ٹیم آلٹر ایگو آریس نے ایک سو اکیس پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ پاکستان کی ٹیم فور تھرائیوزایک سو گیارہ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہی۔
دیگر ٹیموں میں جنوبی کوریا کی ڈی آر ایکس، چین کی ویبو گیمنگ، منگولیا کی الفا گیمنگ، ملیشیا کی ٹیم سیکرٹ، تھنڈر ٹاک گیمنگ اور آئی ڈی اے ایسپورٹس شامل ہیں، جنہوں نے شاندار کارکردگی دکھا کر ٹاپ آٹھ میں جگہ بنائی۔
انڈین ٹیم ایکس ٹی ایم جی اچھی کارکردگی کے باوجود ٹاپ آٹھ میں جگہ نہیں بنا سکی تاہم اب اسے سپروائیول مرحلے میں موقع دیا جائے گا۔ یہ مرحلہ ان ٹیموں کے لیے فیصلہ کن ہوگا جو گرینڈ فائنل میں رسائی کے لیے جدوجہد کریں گی۔
اس میں بہتر حکمت عملی، مہارت اور فوری فیصلے ٹیموں کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔
سپروائیول مرحلہ انتیس اور تیس جولائی کو منعقد ہوگا، جبکہ گرینڈ فائنل یکم اگست سے تین اگست تک ریاض میں کھیلا جائے گا۔
فائنل مرحلے میں کل سولہ ٹیمیں حصہ لیں گی، جن میں آٹھ وہ ٹیمیں ہوں گی جو براہ راست کوالیفائی کر چکی ہیں اور آٹھ ٹیمیں وہ ہوں گی جو سپروائیول راؤنڈ سے آگے بڑھیں گی۔
پب جی موبائل ورلڈ کپ 2025 نہ صرف ایک عالمی گیمنگ ایونٹ ہے بلکہ یہ ای اسپورٹس کی دنیا میں نوجوانوں کی دلچسپی، مہارت اور عالمی سطح پر بڑھتے ہوئے مقابلے کے رجحان کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔
پاکستان کی ٹیم کی شاندار کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ملک میں ای اسپورٹس کا مستقبل روشن ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








