اسلام آباد کے ایف 9 پارک میں دو افراد کی لڑکی کیساتھ اجتماعی زیادتی، مقدمہ درج

تازہ ترین

تازہ ترین

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے ایف 9 میں مسلح افراد نے نوجوان لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

اطلاعات کے مطابق متاثرہ لڑکی ہواخوری کیلئے دوست کے ساتھ ایف 9 پارک آئی تھی، مسلح افراد نے چہل قدمی کرتے وقت روکا، لڑکی کو الگ لے گئے، جان سے مارنے کی دھمکی دی، شور کرنے پر تھپڑ مارے، درختوں کے جھنڈ میں لے جا کر تشدد کیا، کپڑے پھاڑ ڈالے اور  زیادتی کا نشانہ بنایا۔

پولیس کو بیان میں لڑکی نے کہا کہ دو حملہ آوروں نے زیادتی کی، زیادتی کے بعد کپڑے دور  پھینک دیے تاکہ وہ بھاگ نہ سکے، حملہ آوروں کو دہائیاں دیں  پر وہ باز نہ آئے۔ ملزمان نے زیادتی کے بعد لڑکی کو شام کے وقت پارک میں نہ آنے کا مشورہ بھی دیا۔

اس واقعے کی ایف آئی آر اسلام آباد کے تھانہ مارگلہ میں درج کرادی گئی ہے جس کے مطابق جمعرات 2 جنوری کو پراپرٹی سے متعلق کام کرنیوالی لڑکی ایف 9 پارک میں اپنے دوست کے ساتھ بیٹھی تھی کہ دو مسلح افراد وہاں پہنچے اور انہیں قریبی جنگل کی طرف لے گئے۔

یہ بھی پڑھیں:

کراچی میں شہریوں نے 2 مبینہ ڈاکوؤں کو تشدد کرکے زندہ جلا دیا

لڑکی کا ایف آئی آر میں کہنا ہے کہ دونوں ملزمان نے تشدد کے بعد باری باری زیادتی کا نشانہ بنایا، جاتے ہوئے دھمکیاں دیتے رہے کہ کسی کچھ نہ بتانا اور جنگل کی طرف بھاگ گئے۔

مدعی کے مطابق دونوں ملزمان کو سامنے آنے پر شناخت کرسکتی ہوں، مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔

دوسری جانب پولیس حکام کے مطابق لڑکی کا پمز اسپتال میں طبی معائنہ کرنے کے بعد طبی نمونے فارنزک لیبارٹری کو ارسال کردیئے گئے ہیں، جن کی رپورٹ آنے کے بعد مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔

پارک میں لڑکی سے مبینہ زیادتی سے متعلق پولیس کا کہنا ہے کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے بھی تحقیقات جاری ہیں، پارک کے تمام داخلی راستوں کی سی سی ٹی وی حاصل کرلیں، تمام 4 داخلی راستوں پر موجود سیکیورٹی گارڈز کے بیانات قلمبند کرلئے گئے۔

اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی کے دوست کا بیان بھی قلمبند کیا جائے گا، وقوعہ کے وقت پارک میں موجود لوگوں اور انتظامیہ سے پوچھ گچھ جاری ہے، وقوعہ کے متعلق مشکوک افراد کے ڈی این اے بھی لئے جارہے ہیں۔

وفاقی پولیس کا مزید کہنا ہے کہ واقعے سے متعلق کیمروں اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر شواہد اکٹھے کئے جارہے ہیں، جلد اصل ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

Related Posts