کرکٹ میں خواتین کی دھاک، سلیمہ امتیاز سمیت 13 خواتین پی سی بی کے امپائرز پینل میں شامل

تازہ ترین

تازہ ترین

امپائر سلیمہ امتیاز اپنی بیٹی باولر کائنات امتیاز کے ساتھ، فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سیزن 26-2025 کے لیے میچ آفیشلز کے مختلف پینلز کا اعلان کر دیا ہے جن میں تجربہ کار امپائرز اور میچ ریفریز کے ساتھ ساتھ ابھرتے ہوئے آفیشلز بھی شامل ہیں۔

اعلان کے مطابق پی سی بی انٹرنیشنل پینل میں میچ ریفری علی نقوی جبکہ امپائرز آصف یعقوب، فیصل آفریدی، راشد ریاض اور سلیمہ امتیاز شامل ہوں گے۔ یہ تمام آفیشلز بین الاقوامی اور قومی سطح پر اپنی خدمات انجام دیتے رہیں گے۔

پی سی بی کے ایلیٹ پینل آفیشلز میں 18 امپائرز اور 10 میچ ریفریز شامل کیے گئے ہیں۔ امپائرز کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے سپلیمنٹری پینل تشکیل دیا گیا ہے جسے دو حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

سپلیمنٹری پینل ون میں 14 امپائرز جبکہ سپلیمنٹری پینل 2 میں 24 امپائرز شامل ہیں۔ اسی طرح میچ ریفریز کے سپلیمنٹری پینل میں 10 ریفریز شامل کیے گئے ہیں جنہیں ملکی سطح کے مقابلوں میں مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اعلیٰ سطح پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر سکیں۔

نئے سیزن کے لیے پی سی بی ایمرجنگ پینل میں ملک بھر سے 40 امپائرز کو منتخب کیا گیا ہے تاکہ نوجوان اور باصلاحیت آفیشلز کو نچلی سطح سے ترقی کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

پی سی بی نے 13 خواتین امپائرز کو بھی مختلف پینلز میں شامل کیا ہے جن میں سلیمہ امتیاز نمایاں ہیں۔ یہ اقدام ملک میں خواتین آفیشلز کی شمولیت اور نمائندگی بڑھانے کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

پی سی بی کے مطابق میچ آفیشلز کے یہ پینلز ملک بھر میں کرکٹ مقابلوں کے معیار کو بہتر بنانے اور امپائرز و ریفریز کی پیشہ ورانہ تربیت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

Related Posts