نئی سائنسی تحقیق کے نتائج سامنے آگئے، محققین کا کہنا ہے کہ عام شہریوں کے مقابلے میں رات کے وقت کام کرنے والے افراد میں امراضِ قلب کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یورپین ہارٹ جنرل نامی یورپی جریدے میں نئی تحقیق کے نتائج شائع ہوگئے۔ محققین کا کہنا ہے کہ جو لوگ رات کے وقت کام کرتے ہیں، ان میں عام افراد کے مقابلے میں دل کے امراض میں مبتلا ہونے کا خطرہ کہیں زیادہ ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹک ٹاک نے نوعمر افراد کیلئے نئے فیچرز متعارف کرا دئیے
کم و بیش 2 لاکھ 80 ہزار افراد پر کی گئی تحقیق کے مطابق جو لوگ رات کے وقت سونے کی بجائے کام کرتے ہیں، محققین نے مشاہدہ کیا کہ ان کے دل کی دھڑکن کی رفتار عام افراد کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہوتی ہے۔
سائنسی و طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ جو لوگ رات کے وقت کام کرکے اپنی زندگی کا زیادہ حصہ گزار دیتے ہیں، انہیں دل کی ایک مخصوص بیماری ایٹریل فیبریلیشن میں مبتلا ہونے کا زیادہ خطرہ ہوتا ہے۔
رات کے وقت روزانہ کام کرنے والوں میں دل کی بیماری کا خطرہ عام افراد کے مقابلے میں 12 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ محققین کا کہنا ہے کہ اگر رات کے وقت کام ضروری ہو تو کام کا دورانیہ کم کرکے دل کے مرض میں مبتلا ہونے کا خدشہ کم ہوسکتا ہے۔
رواں برس مارچ کے دوران کی گئی ایک تحقیق کے دوران یہ انکشاف بھی سامنے آچکا ہے کہ جو لوگ رات کی شفٹ میں زیادہ کام کرتے ہیں، ان میں کینسر کی بعض اقسام میں مبتلا ہونے کا خطرہ عام افراد کی بہ نسبت زیادہ ہوسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لعاب دہن سے ایک گھنٹے میں کورونا کی تشخیص کرنے والی ڈیوائس تیار
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








