ورلڈ بینک، سیلاب سے بچاؤ کیلئے 21کروڑ 30لاکھ ڈالر کی فنانسنگ منظور

تازہ ترین

تازہ ترین

عالمی بینک
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: عالمی بینک نے پاکستان میں سیلاب سے بچاؤ کیلئے 21 کروڑ 30 لاکھ ڈالر فنانسنگ کی منظوری دے دی ہے، یہ اعلان وزیر اعظم سیکرٹریٹ میں 2 روزہ اجلاس کے بعد  کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے پاکستان کو ذرائع معاش اور ضروری خدمات کی بہتر فراہمی کے ساتھ ساتھ گزشتہ برس سیلاب سے متاثرہ افراد میں احساس تحفظ کیلئے فنانسنگ کی منظوری دی۔

یہ بھی پڑھیں:

اسٹاک مارکیٹ میں 65 پوائنٹس کی مندی

ورلڈ بینک نے 97 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے حتمی شکل دے دی۔ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 57کروڑ 50 لاکھ ڈالرز کی فنانسنگ اور عالمی بینک سے 40 کروڑ ڈالرز بھی اس میں شامل ہوں گے۔

عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر برائے پاکستان ناجی بنہاسین کا کہنا ہے کہ ورلڈ بینک بلوچستان حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔ ذرائع معاش کی فراہمی، آب پاشی اور سیلاب سے بچاؤ کا بنیادی انفرا اسٹرکچر بحال کیا جائے گا۔

کنٹری ڈائریکٹر ناجی بنہاسین نے کہا کہ فنڈز سے پاکستان میں ذرائع معاش کی بحالی ، مستقبل کی موسمیاتی تبدیلیوں، آفات اور قدرتی خطرات کے خلاف مزاحمت کو بہتر بنایا جائے گا۔ 35 ہزار 100 مکان مالکان کو تعمیرِ نو کیلئے گرانٹس دی جائیں گی۔

منصوبے کا مقصد بلوچستان کے سیلاب زدہ اضلاع میں 27 لاکھ افراد کی مدد کرنا ہے۔ بہتر انفرا سٹرکچر، تحفظ اور پیشگی انتباہ کے نظام سے سیلاب کے خطرات کم ہوسکیں گے، نظام تک خواتین کو بھی رسائی حاصل ہوگی۔ مقامی و صوبائی سطح پر ادارہ جاتی صلاحیت بھی بہتر بنائی جائے گی۔ 

Related Posts