ورلڈکپ 2023: بھارت نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی

تازہ ترین

تازہ ترین

کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء کے نویں میچ میں بھارت نے افغانستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

پہلے کھیلتے ہوئے افغانستان نے بھارت کو 273 رنز کا ہدف دیا جو روہت شرما الیون نے 35 ویں اوور میں بہ آسانی پورا کرلیا۔

بھارت اس فتح کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان سے ایک درجے اوپر چلا گیا ہے، فہرست میں نیوزی لینڈ پہلے، بھارت دوسرے، پاکستان تیسرے اور جنوبی افریقا چوتھے نمبر پر موجود ہے۔

بھارتی اننگز کی خاص بات روہت شرما اور ایشان کشن پر مشتمل اوپننگ جوڑی کی 156 رنز کی شاندار شراکت تھی۔

ایشان کشن 47 رنز بناکر راشد خان کا شکار بنے، انہوں نے اس دوران 2 چھکے اور 5 چوکے لگائے۔

دوسری وکٹ پر روہت شرما اور ویرات کوہلی نے 49 رنز کی شراکت قائم کی، بھارتی کپتان اس موقع پر 84 گیندوں پر 131 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے، انہیں بھی راشد خان نے آؤٹ کیا۔

روہت شرما نے اپنی اننگز  کے دوران 5 چھکے اور 16 چوکے لگائے، انہوں نے اس باری کے دوران کئی ریکارڈ اپنے نام کیے، جن میں ایک بھارت کی طرف سے ورلڈ کپ میں تیز ترین سنچری بھی شامل ہے۔

ویرات کوہلی 55 اور شیریاس ایئر 25 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، میچ میں عمدہ پرفارمنس پر روہت شرما کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

اس سے قبل دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹ پر 272 رنز بنائے۔

Related Posts