اسلام آباد :دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ٹریفک حادثوں کے متاثرین کا عالمی دن منایاگیا، تاہم رواں برس وفاقی دارالحکومت میں ایسے وقت منایا گیا جب جڑواں شہروں کی سڑکوں پر فیض آباد بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک کا شدید دباؤ تھا۔
اقوام متحدہ کے اعلان کردہ عالمی دن کے موقع پر روڈ سیفٹی ایکسپرٹ ڈاکٹر محمد شاہد کا کہنا تھا کہ پاکستان میں غیرفطری اموات کی سب سے بڑی وجہ ٹریفک حادثات ہیں، ہر سال بے شمار معصوم جانیں ٹریفک حادثات کی نظر ہوجاتی ہیں۔
عالمی دن کے موقع پر مقامی طلباء و طالبات نے یوتھ یونائیٹڈ ٹو سرو دی نیشن (وائی یو ایس ٹی این)کے پلیٹ فارم سے تصاویری پوسٹرز کے مقابلے کا اہتمام بھی کیا۔
طلباء و طالبات کا کہنا تھا کہ گاڑی چلاتے ہوئے ہر ڈرائیور کو تیزرفتاری سے گریز کرتے ہوئے محتاط رویہ اختیار کرنا چاہیے۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ پیدل چلنے والوں کو بھی آگاہی دینے کی ضرورت ہے۔ڈاکٹر محمد شاہد کے مطابق دنیا بھر میں روزانہ 3700لوگ ٹریفک حادثوں میں جان کی بازی ہار جاتے ہیں۔
عالمی سطح پر پانچ سے 29سال کے لوگوں کی غیرفطری موت کی بڑی وجہ ٹریفک حادثات کو قرار دیا جاتا ہے۔
وائی یو ایس ٹی این سے وابستہ طلباء و طالبات نے اقوام متحدہ کی طرف سے سالانہ بنیادوں پر عالمی دن منانے کو ایک اچھی کاوش قرار دیا۔