مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں منگل کے روز ہونے والے افسوسناک دہشت گرد حملے کے بعد دنیا بھر کے اہم عالمی رہنماؤں نے مذمت کے ساتھ ساتھ بھارت کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان کیا ہے، اس حملے میں 26 افراد جاں بحق ہوئے جن میں کئی غیر ملکی سیاح بھی شامل تھے۔
امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روس کے صدر ولادیمیر پوتن، برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر، اٹلی کی وزیراعظم جورجیا میلونی، فرانس، ایران، متحدہ عرب امارات اور اسرائیل سمیت کئی ممالک کے رہنماؤں نے حملے کو بزدلانہ اور انسانیت سوز قرار دیا۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیر اعظم نریندر مودی سے ٹیلیفونک رابطہ کر کے ہمدردی کا اظہار کیا اور کہا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ مضبوطی سے کھڑا ہے۔
انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر سے آنے والی یہ خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ امریکا، بھارت اور وزیر اعظم مودی کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ ہم جاں بحق افراد کے لیے دعاگو ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش رکھتے ہیں۔”
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، جو ان دنوں بھارت کے دورے پر ہیں، نے بھی اپنے بیان میں کہا کہ وہ بھارت کی خوبصورتی اور لوگوں کی مہمان نوازی سے متاثر ہوئے ہیں اور وہ اس المیہ پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے دہشت گردی کے خلاف بھارتی شراکت داروں کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے انسانیت سوز جرائم کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حملے کے ذمہ داروں کو جلد سزا دی جائے گی۔
برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اپنے بیان میں کہا کہ کشمیر میں ہونے والا یہ حملہ انتہائی تباہ کن اور افسوسناک ہے۔ میری تمام تر ہمدردیاں متاثرہ افراد، ان کے اہل خانہ اور بھارتی عوام کے ساتھ ہیں۔
متحدہ عرب امارات نے بھی اس حملے کی سخت مذمت کی اور عالمی قوانین کے برخلاف ایسے پرتشدد اقدامات کو مکمل طور پر مسترد کیا۔
اٹلی کی وزیراعظم جورجیا میلونی نے سوشل میڈیا پر پیغام میں لکھا کہ وہ اس حملے پر دلی افسوس کا اظہار کرتی ہیں اور بھارت کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل ہمدردی رکھتی ہیں۔
ایران کے سفارتخانے نے بھی اس حملے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے تعزیت اور زخمیوں کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








