ایلون مسک کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کو جمعہ کے روز دنیا کے کئی ممالک میں بڑے پیمانے پر تعطل کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث ہزاروں صارفین سروس تک رسائی حاصل نہ کر سکے۔ یہ بات سروس میں خرابیوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر نے بتائی۔
ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق جو مختلف ذرائع سے صارفین کی رپورٹس جمع کر کے سروس میں تعطل کی نگرانی کرتا ہے، امریکی وقت کے مطابق صبح 10:35 بجے تک صرف امریکا میں ایکس سے متعلق 41 ہزار سے زائد مسائل رپورٹ کیے جا چکے تھے۔ برطانیہ میں تقریباً 8 ہزار صارفین نے سروس میں خرابی کی اطلاع دی، جبکہ بھارت میں 2 ہزار 400 سے زیادہ مسائل ریکارڈ کیے گئے۔
تاہم متاثرہ صارفین کی اصل تعداد ڈاؤن ڈیٹیکٹر پر ظاہر ہونے والے اعداد و شمار سے مختلف ہو سکتی ہے، کیونکہ یہ ڈیٹا صارفین کی جانب سے رضاکارانہ طور پر دی گئی رپورٹس پر مبنی ہوتا ہے، نہ کہ پلیٹ فارم کی تصدیق شدہ مجموعی معلومات پر۔
ایکس کی جانب سے خبر رساں ادارے رائٹرز کی جانب سے تعطل کی وجہ جاننے کے لیے کیے گئے رابطے پر فوری طور پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
یہ تعطل رواں ہفتے کے اوائل میں پیش آنے والی ایک اور بڑی خرابی کے بعد سامنے آیا ہے، جب امریکا میں 28 ہزار 300 سے زائد اور برطانیہ میں 8 ہزار سے زیادہ مسائل رپورٹ ہوئے تھے۔
بعد ازاں دن کے اوقات میں کئی صارفین کے لیے پلیٹ فارم بتدریج بحال ہونا شروع ہو گیا، تاہم تعطل کی اصل وجہ تاحال واضح نہیں ہو سکی۔
ماضی میں ایکس کو متاثر کرنے والے تعطل بعض اوقات انٹرنیٹ کے وسیع تر بنیادی ڈھانچے کے مسائل سے بھی منسلک رہے ہیں، جن میں گزشتہ نومبر میں ویب سروسز فراہم کرنے والی کمپنی کلاؤڈ فلیئر سے جڑا ایک بڑا تعطل بھی شامل ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








