بالی ووڈ اداکارہ یامی گوتم نے فلم ڈائریکٹر ادتیہ دھر سے شادی کر لی ہے جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
تفصیلات کے مطابق صنم رے، جنونیت اور بدلہ پور جیسی فلمز میں اداکاری کرکے مداحوں سے داد وصول کرنے والی یامی گوتم کا کہنا ہے کہ ہم نے اہلِ خانہ کی دعاؤں کے سائے میں شادی کی۔
کورونا وائرس کی عالمی وباء کے باعث بھارتی اداکارہ شادی بھی دھوم دھام سے نہ کرسکیں۔ یامی گوتم کا کہنا ہے کہ ہم نے شادی کی ایک چھوٹی سی تقریب منعقد کی تھی جس میں صرف دوست اور اہلِ خانہ ہی شریک ہوسکے۔
فوٹو شیئرنگ پلیٹ فار م انسٹا گرام پر اپنے پیغام میں گزشتہ روز اداکارہ یامی گوتم نے رومی کا قول شیئر کرتے ہوئے کہا کہ تمہاری روشنی میں، مجھے محبت سیکھنے کا موقع ملا۔
اپنے پیغام میں اداکارہ یامی نے کہا کہ شادی کے بعد زندگی کے نئے سفر کیلئے ہمیں دوستوں اور مداحوں کی دعائیں اور نیک تمنائیں درکار ہیں کیونکہ ہم محبت اور دوستی کے نئے عہد کا آغاز کر رہے ہیں۔
جیسے ہی سوشل میڈیا پر یہ خبر سنائی گئی، یامی کے مداحوں اور دوستوں کی طرف سے مبارکباد اور تہنیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ جیکلین فرنانڈس، طاہرہ کیشپ، کاجل اگروال اور منیش ملہوترا سمیت دیگر فنکاروں نے بھی نئے جوڑے کو مبارکباد پیش کی۔
ادتیہ دھر نے اُری دی سرجیکل اسٹرائیک سے اپنا کیرئیر شروع کیا جس میں مرکزی کردار وکی کوشل نے ادا کیاہے۔ قبل ازیں یامی گوتم اداکاری کا آغاز وکی ڈونر نامی فلم سے کر چکی تھیں جورواں برس ستمبر میں سیف علی خان کے ہمراہ بھوت پولیس میں جلوہ گر ہوں گی۔
یہ بھی پڑھیں: شادی پر متنازعہ بیان، ملالہ کے والد بیٹی کے دفاع میں سامنے آگئے
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








