کراچی: گورنر ہاؤس میں بھارت کے عالمی شہرت یافتہ عالمِ دین ڈاکٹر ذاکر نائیک سے اداکارہ یشما گل نے ایک سوال کیا تھا جس کے بعد انہوں نے اداکاری چھوڑنے کی تردید کردی ہے۔
گورنر ہاؤس میں حال ہی میں بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ذاکر نائیک نے سامعین کے مختلف سوالات کے جوابات دئیے جن کا مرکز زیادہ تر تبلیغِ اسلام ہی رہا۔ اداکارہ یشما گل نے بھی ڈاکٹر ذاکر نائیک سے ایک سوال کیا لیکن اس سے قبل ایک کہانی بھی سنائی۔
آن لائن تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ یشما گل نے جو کہانی سنائی وہ جھوٹی نہیں تھی جس میں اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے خدا پر یقین کرنا چھوڑ دیا تھا یعنی وہ خدا کے وجود سے ہی انکاری تھیں اور پھر ایک لڑکی نے انہیں رمضان کے روزے رکھوائے اور خدا پر یقین کرنے کی نئی راہ دکھائی۔
اپنی آپ بیتی سنانے کے بعد اداکارہ یشما گل نے تقدیر کے حوالے سے ایک سوال پوچھا اور چونکہ وہ کہہ چکی تھیں کہ وہ اداکاری کے شعبے سے وابستہ ہیں تو ڈاکٹر ذاکر نائیک غلط فہمی سے یہ سمجھ بیٹھے کہ یشما گل نے اداکاری چھوڑ دی ہے اور انہوں نے اداکارہ کو میڈیا کے چنگل سے بچنے پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کے جواب سے عوام میں بھی یہ تاثر پیدا ہوا کہ یشما گل نے اداکاری کو خیر باد کہہ دیا ہے تاہم اجتماع کی ویڈیو وائرل ہونے اور عوامی تبصروں کا سامنا کرنے کے بعد اداکارہ یشما گل نے انسٹاگرام پر اپنا وضاحتی بیان جاری کردیا۔
اپنے انسٹاگرام پیغام میں اداکارہ یشما گل نے کہا کہ میں نے اداکاری نہیں چھوڑی۔ میں اب بھی شوبز انڈسٹری کا حصہ ہوں اور بطور اداکارہ کام کرتی ہوں۔ سوال کے دوران مائیک میں مسائل کی وجہ سے میری بات ٹھیک طریقے سے ڈاکٹر ذاکر نائیک تک نہیں پہنچی اور اسی وجہ سے غلط فہمی پیدا ہوئی۔
اداکارہ یشما گل کا کہنا تھا کہ میں نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کو ٹوکنا مناسب نہیں سمجھا اور اس واقعے پر معذرت بھی کی کہ اگر میری کسی بات سے کسی کے جذبات مجروح ہوئے ہوں تو معذرت چاہتی ہوں۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک کی سب سے بڑی وجہِ شہرت تقابلِ ادیان کے علم پر ان کا قابلِ رشک عبور ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








