کراچی میں اسٹریٹ کرائم کے ایک افسوسناک واقعے میں اپنی بیمار بیٹی کے علاج کے لیے بیوی کے زیورات فروخت کرنے والا شہری ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل ہوگیا۔
فرحان خان ایک میڈیکل کمپنی میں ملازم تھا اور ایک بیٹی کا باپ تھا، مقتول نے مالی مشکلات کی وجہ سے اپنی بیٹی کے علاج کے لیے بیوی کے زیورات بیچ کر رقم اکٹھی کی تھی۔
واپسی پر جب وہ یہ رقم لے کر گھر جا رہا تھا تو ڈاکوؤں نے اسے لوٹنے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے اسے قتل کر دیا اور رقم لے کر فرار ہو گئے۔
یہ واقعہ فرحان کے اہل خانہ کے لیے تباہ کن ثابت ہوا ہے، جو اس بات پر شکوہ کر رہے ہیں کہ پولیس نے اب تک ان سے رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی کوئی تفتیش شروع کی ہے۔
اس سے پہلے ایس ایس پی ویسٹ کے گن مین عبدالغفار بھی کراچی میں ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکوؤں کے ہاتھوں مارے گئے تھے۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر 10 میں پیش آیا، جہاں ڈاکو ایک سوزوکی گاڑی کو سبزی منڈی جاتے ہوئے لوٹنے کی کوشش کر رہے تھے۔
ایک زخمی شہری نے عباسی شہید اسپتال میں میڈیا کو بتایا کہ واقعے کے دوران سادہ لباس پولیس اہلکار عبدالغفار نے ڈاکوؤں پر فائرنگ کی اور ایک کو زخمی کر دیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








